قاہرہ ۔ /17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) غزہ میں جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے قریب ہے اور ایسا لگتا ہے کہ فلسطینی گروپ میں بعض امور پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں ۔ عہدیداروں کے مطابق حماس نے مصر کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا ہے جس کے نتیجہ میں غزہ علاقہ میں کسی قدر راحت فراہم ہوگی جبکہ دیگر فلسطینی گروپ بشمول صدر محمود عباس کی نمائندگی کررہے وفود اس تجویز کو قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ حماس کے عہدیداروں نے کہا کہ انہیں مزید رعایتیں ملنی چاہئیے ۔ عارضی جنگ بندی پیر کو ختم ہورہی ہے اور اب تک مذاکرات کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے ۔ غیرسرکاری ذرائع کے مطابق اگر مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے تو امکان ہے کہ جنگ بندی میں مزید توسیع کی جائے گی ۔ اسرائیل اور حماس کے مابین غزہ میں ہوئی اس لڑائی میں تقریباً 2000 فلسطینی جاں بحق ہوگئے جبکہ 10 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔ اسرائیل میں 67 افراد ہلاک ہوئے لیکن تین عام شہریوں کے ماسوا باقی تمام فوجی تھے ۔ مصر کی ثالثی کے ذریعہ بالواسطہ مذاکرات گزشتہ ہفتہ سے جاری ہیں ۔ فلسطین اور اسرائیل کے مذاکرات کار سارے مشرق وسطیٰ میں ایک ہفتہ طویل مشاور ت مکمل کرکے آج قاہرہ واپس ہوئے ہیں ۔ تاہم دونوں فریقین میں اختلافات برقرار ہیں ۔