غزہ پر حملوں سے اسرائیل کو 33 ملین ڈالر کا نقصان

غزہ پٹی ۔ /18 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے حملوں سے 40 گھنٹوں میں صیہونی ریاست کو 33 ملین ڈالر کا نقصان پہنچا ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غزہ کے محاذ پر 40 گھنٹوں کی کارروائیوں کے دوران اسرائیل کے ایک کروڑ 20 لاکھ شیکل خرچ ہوئے ، امریکی کرنسی مینیہ رقم 33 ملین ڈالر کے مساوی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کو آئرن ڈوم کی بیٹریوں ، جنگی طیاروں ، نیوی کی سرگرمیوں ، ریزرو فوج کی نقل و حرکت اور دیگر فو رسز کی حرکت سے بہت زیادہ مالی نقصان پہنچا ۔ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر 160 اہداف پر بمباری کی ۔ اسرائیلی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ اس کارروائی میں فوج کو بھاری رقم صرف کرنا پڑی ہے ۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کے ایف 15 طیارے کی ایک اڑان پر ایک لاکھ 70 ہزار شیکل اور ایف 16 کی ایک اڑان پر ایک لاکھ شیکل کی رقم صرف ہوتی ہے ۔ اسرائیلی فوج کے جنگی ہیلی کاپٹروں نے ایک گھنٹے میں 50 ہزار شیکل پھونک ڈالے ۔ غزہ کی پٹی سے داغے گئے 400 راکٹوں سے بھی اسرائیل کو بے پناہ مالی نقصان پہنچا ۔