غزہ پر اسرائیلی حملوں کیخلاف احتجاج

نئی دہلی۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کی پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے آج بے قصور عوام بشمول بچوں کی غزہ میں اسرائیل کے حملوں کے دوران ہلاکتوں پر گہری تشویش ظاہرکی اور لوک سبھا کے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ ایوان کے اجلاس کا جیسے ہی آج آغاز ہوا ، پی ڈی پی قائد محبوبہ مفتی یہ مسئلہ اٹھانا چاہتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں خواتین، بچوں اور دیگر بے قصور افراد کی ہلاکت پر ایوان خاموش نہیں رہ سکتا۔ ایک اور پارٹی رکن طارق حمید کرا نے کہا کہ ہم کیوں خاموش ہیں، کس سے خوف زدہ ہیں، ہندوستان، فلسطین کا 1947ء سے دوست ہے، ہمیں اس حملے کی مذمت کرنی چاہئے اور اس پر مباحث ہونے چاہئیں۔ محبوبہ مفتی کی تائید انڈین یونین مسلم لیگ کے ای احمد ، ترنمول کانگریس کے سوگت رائے اور سی پی آئی ایم کے کروناکرن نے کی، تاہم اسپیکر سمترا مہاجن نے کوئی نوٹس وصول نہ ہونے کا ادعا کرتے ہوئے مباحث کی اجازت نہیں دی جس پر برہم پی ڈی پی ارکان نے واک آؤٹ کیا۔