غزہ میں قتل عام کے ذمہ دار بانکی مون ہیں : حماس

رملہ، 16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) حماس نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں حالیہ قتل عام کے ذمہ دار اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بانکی مون ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے ترجمان ابوظہری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بانکی مون نے رفاہ میں پیش آئے قتل عام پر پردہ پوشی میں کردار ادا کیا ہے اور اس طرح وہ بھی اس قتل عام کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یکم اگست کو رفاہ میں اسرائیلی فوج کے حملے میں 68 افراد ہلاک اور 350 زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بانکی مون کو ابہام دور کر کے غزہ کے عوام کی مشکلات کے ازالے کیلئے غیرجانبدارانہ کردار ادا کرنا چاہئے، تاہم وہ ایسا کرنے سے قاصر نظر آ رہے ہیں۔