غزہ میں فلسطینیوں کے راکٹس سے شہری ہلاکتیں : ایمنسٹی کی رپورٹ

یروشلم 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں یہ وضاحت کی گئی ہے کہ 2014 ء کی گرمائی جنگ میں غزہ میں فلسطینی راکٹ داغے جانے کے واقعات میں غزہ پٹی کے اندر انسانی جانوں کا اتلاف زیادہ ہوا بہ نسبت اسرائیل کے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے ہلاکت خیز حملے بین الاقوامی طور پر وضع کردہ قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے جسے جنگی جرائم سے بھی تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ رپورٹ میں فلسطینی مسلح گروپس کو یہ مشورہ دیا گیا ہے کہ اسرائیلی شہریوں میں راست حملے کئے جانے سے باز رہیں اور اُن حملوں کے ردعمل سے فلسطینیوں کو بچانے کے لئے بھی اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ (فلسطینی) اپنے ہم وطن بھائیوں کو بچانے کے لئے کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 50 روزہ جنگ میں غزہ میں 2200 افراد جاں بحق ہوئے تھے جن میں اکثریت عام شہریوں کی تھی جبکہ اسرائیل میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 73 تھی جن میں اکثریت فوجیوں کی تھی۔