غزہ ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی عہدیداروں نے کہا ہیکہ غزہ پٹی میں ایک سرنگ کے منہدم ہوجانے کے سبب حماس کے مسلح شعبہ سے تعلق رکھنے والے دو عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ اس دوران سرنگوں کی دوبارہ تعمیر کے سوال پر اسرائیل کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے کیونکہ اس کو اندیشہ ہیکہ ایسی سرنگیں اسرائیل پر حملوں کیلئے استعمال کی جاسکتی ہیں۔ ایک ہفتہ کے دوران سرنگ کے انہدام کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ قبل ازیں 26 جنوری کو ایک سرنگ منہدم ہونے کے نتیجہ میں حماس سے تعلق رکھنے والے 7 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔ غزہ پٹی میں حکمراں اسلامی تحریک حماس کے مسلح شعبہ سے ان عسکریت پسندوں کا تعلق بتایا گیا تھا۔ حماس کے مسلح شعبہ عزالدین قسام بریگیڈ نے کہا کہ وسطی غزہ پٹی میں نصیرت پناہ گزین کیمپ کے قریب کل رات سرنگ کی انہدامی میں ہلاک ہونے والے دو ارکان میں ایک مقامی کمانڈر بھی شامل تھا۔ غزہ میں حماس کے سربراہ اسمعیل ھنیہ نے سرنگوں کی تعمیر جاری رکھنے کا عہد کیا ہے جبکہ ماضی میں ایسی سرنگوں کو اسرائیل کے خلاف حملوں اور وہاں اسلحہ کے ذخیرہ کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ اسرائیل نے 2014ء کی غزہ لڑائی کے دوران کئی سرنگوں کو تباہ کردیا تھا۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو نے خبردار کیا ہیکہ ’’اگر غزہ سے ہم پر حملے کئے جائیں تو ہم حماس کے خلاف انتہائی سخت کارروائی کریں گے‘‘۔