غزہ میں خفیہ آپریشن، اسرائیلی فوجی سمیت آٹھ ہلاک

غزہ پٹی ۔ 12 نومبر (سیاست ڈااٹ کام) فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی خفیہ فوجی آپریشن کے دوران حماس کے ایک مقامی کمانڈر سمیت سات فلسطینی ہلاک ہو گئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا بھی کہنا ہے کہ اسپیشل فورسز کی ’آپریشنل کارروائی‘ کے دوران اس کا ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہوا ہے۔فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ جھڑپوں کا آغاز جنوب میں خان یونس کے مشرقی حصے میں ہوا۔بعد میں جنوبی اسرائیل میں راکٹوں سے خبردار کرنے کے لیے سائرن بھی بجائے گئے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی جانب سے متعدد راکٹ فائر کیے گئے تھے جنھیں مار گرایا گیا۔ ان میں سے ایک راکٹ اسرائیلی حدود میں موجود میدان میں گرا تھا۔اسرائیل کے وزیراعظم نتن یاہو نے پیرس کا دورہ مختصر کر دیا ہے جہاں پہلی جنگ عظیم کے سو سال مکمل ہونے پر تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ ان کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مہینوں میں دو طرفہ کشیدگی بڑھی ہے۔دوسری جانب حماس کے ترجمان نے اس کارروائی کو اسرائیل کا بزدلانہ حملہ قرار دیا ہے۔فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک سینئیر عسکریت پسند رہنما شیخ نور برکی اس کارروائی میں ہلاک ہوئے۔ وہ خان یونس میں حماس کے ملٹری ونگ، ایزدان القاسم برگیڈ کے کمانڈر تھے۔حماس کا کہنا ہے اسرائیل کی اسپیشل فورسز نے غزہ پٹی میں تین کلومیٹر اندر آکر ایک کار سے فائرنگ کی تھی۔