غزہ میں حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی جاری

غزہ ۔ 15 اگست (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین میں دیرپا امن کیلئے مصر کی مصالحت کاری سے اسرائیل اور حماس کے درمیان کی گئی مخدوش جنگ بندی آج دوسرے روز میں داخل ہوگئی۔ اس علاقہ میں 8 جولائی سے جاری لڑائی میں 1,962 فلسطینی اور 67 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔ مصر کے مصالحت کاروں نے طویل مدتی جنگ بندی کیلئے مزید مذاکرات کی کوششیں جاری رکھنے کی غرض سے جنگ بندی میں 5 دن کی توسیع کروائی تھی

جس کے اثر سے گذشتہ روز اس علاقہ میں سکون رہا۔ اس سے قبل رات کے وقت حماس کی جانب سے کئے گئے راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیل نے فضائی حملے کئے تھے۔ جنگ بندی کے باوجود دونوں فریق مستقبل میں امن و سکون کے بارے میں ہنوز غیریقینی کے شکار ہیں۔ پولیس نے کہا کہ تل ابیب کے رابیل چوک پر جمعرات کی شب 10,000 اسرائیلی جمع ہوگئے تھے اور حکومت اور فوج سے مطالبہ کیا کہ غزہ سے فلسطینی راکٹ حملوں کا سلسلہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے۔ لڑائی کے آغاز کے بعد یہ پہلا بڑا مظاہرہ تھا اور منتظمین نے کہا کہ اس نے دائیں اور بائیں بازو میں منقسم عوام کو متحد کیا ہے۔ علاوہ ازیں مذہبی اور سیکولر طبقات ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔ جنوبی شہر سدروٹ کے میئر الون داودی نے کہا کہ ’’یہ ایک آفاقی حصول ہے۔ ہم امن کے ساتھ جینا چاہتے ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے حکومت اور فوج پر پورا بھروسہ ہے لیکن اس کے ساتھ بحیثیت میئر سدروٹ پوچھنا درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ یہ صورتحال کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے‘‘۔