غزہ ۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے علاقہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کی بمباری کے نتیجہ میں ایک فلسطینی نوجوان شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ غزہ میں محکمہ صحت کے ترجمان ڈاکٹر اشرف القدرہ نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی بمباری میں 25 سالہ محمد مسعود احمد الرضیح شہید اور ایک شہری زخمی ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہیکہ اسرائیلی فوج نے طیاروں اور ٹینکوں کے ذریعہ غزہ کے شمالی علاقہ بیت لاھیا میں بمباری کی جس کے نتیجہ میں ایک فلسطینی شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ خیال رہیکہ 30 مارچ کے بعد سے غزہ کی پٹی میں جاری عوامی احتجاجی تحریک کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں مارے جانے والے فلسطینیوں کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔ قبل ازیں اتوار کو اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں اسلامی جہاد کی ایک عسکری کیمپ پر ٹینکوں سے گولہ باری کی تھی جس کے نتیجہ میں اسلامی جہاد کے تین کارکن مارے گئے تھے۔