قاہرہ۔ 25 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) فلسطین کے حریف گروپس حماس اور فتح نے غزہ میں اتحادی حکومت کی بحالی کیلئے آج ایک معاہدہ سے اتفاق کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا جبکہ آئندہ ماہ اسرائیل کے ساتھ اہم ترین مذاکرات ہونے والے ہیں۔ فلسطینی حریف گروپس نے جون میں اتحادی حکومت قائم کی تھی لیکن یہ زیادہ عرصہ تک برقرار نہ رہ سکی۔ صدر فلسطین محمود عباس نے حماس پر غزہ پٹی میں متوازی انتظامیہ چلانے کا الزام عائد کیا تھا۔ دوسری طرف حماس نے محمود عباس کی فلسطینی اتھاریٹی پر غزہ کے تقریباً 45 ہزار ملازمین کو تنخواہ ادا نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ فتح گروپ کے جبریل رجو نے بتایا کہ فتح اور حماس نے غزہ پٹی میں اتحادی حکومت کی بحالی کیلئے جامع معاہدے سے اتفاق کرلیا ہے۔ حماس کے سینئر عہدیدار موسی ابو مرزوق اور فتح وفد کے سربراہ اعظم الاحمد نے بھی معاہدہ کی توثیق کی ہے۔