اقوام متحدہ ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے خبردار کیا ہے کہ فلسطین کا محصور علاقہ غزہ جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے۔ انہوں نے غزہ میں حق واپسی کے لیے پرامن احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین کے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں قتل عام پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ ’غزہ پٹی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی تشویشناک اور خوفناک ہے۔ تمام فریقین جو صورت حال کو اس مقام تک پہنچانے کے ذمہ دار ہیں ان کی بھرپور مذمت کی جانی چاہیے۔ میں سب کو متنبہ کرتا ہوں کہ غزہ جنگ کے دہانے پر پہنچ چکا ہے‘۔خیال رہے کہ سلامتی کونسل کے آج منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں غزہ پٹی میں جاری کشیدگی کے حوالے سے ایک رپورٹ پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سفارت کار فلسطین۔ اسرائیل بحران پر اپنی آراء کا اظہار بھی کریں گے۔