غزوئہ بدر حق و باطل کی پہلی جنگ عظیم

بسواکلیان ۔ 17 ۔ جولائی ( ذریعہ فیاکس ) غزوہ بدر ، روئے زمین پر حق و باطل کی پہلی جنگ عظیم ہے ساتھ ہی اسلام کے تحفظ اور دنیا میں قیام امن کیلئے لڑی جانے والی لڑائی بھی جنگ بدر ہے ۔ خود اللہ نے اس جنگ میں دشمنوں کے خلاف اہل ایمان کی مدد کر کے اس جنگ کو قیام امن قرار دیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار آج بسواکلیان کے لٹل فلاور اسکول انگلش میڈیم میں منعقدہ جلسہ یوم غزوہ بدر میں معلم ادارہ ہذا سید اسد اللہ مجاہد منصوری نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مزید کہا کہ غزوات رسول ﷺ کا مقصد حق کو غالب کرنا اور باطل کو زیرکرنا تھا کیونکہ جب حق غالب رہے گا تب ہی اس کی تعلیمات مسلمہ رہیں گی اور ان کے نفاذ میں کوئی تامل نہ ہوگا ۔ آج ضرورت ہے کہ نئی نسل کو اسلامی حرکی و ضربی تاریخ سے آگاہ کریں تاکہ نئی نسل میں حق و باطل میں تمیز کی صلاحیت پیدا ہو ۔ قبل ازیں جلسے کا آغاز مدرس عبدالقدوس کی قرات کلام پاک سے ہوا ، اس موقع پر مدرس عبدالرسول ، محمد وسیم الدین کے علاوہ ہائی اسکول کے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔