غزنی میں سڑک بم دھماکہ ، 12 افراد ہلاک

غزنی ( افغانستان ) 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) افغانستان کے مشرقی علاقہ میں سڑک پر پھٹنے والے بم دھماکے میں 12 شہری ہلاک ہوگئے جن میں سات خواتین بھی شامل ہیں۔ اس دھماکہ کے بعد یہ باور کیا جارہا ہے کہ افغانستان میں تشدد کا ایک بار پھر آغاز ہوا ہے جبکہ دوسری طرف امریکی افواج 13 سالہ طویل مدت کے بعد ملک چھوڑنے کی تیاریاں کررہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مہلوکین صوبہ غزنی کے ضلع گیرو کے لئے سفر کررہے تھے جہاں انھیں ایک شادی میں شرکت کرنا تھی لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا ۔
جس گاڑی میں وہ سفر کررہے تھے وہ بم دھماکے کی زد میں آگئی ۔ ڈسٹرکٹ گورنر عبداﷲ خیرخواہ نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ انھوں نے کہا کہ دھماکے میں 12 افراد ہلاک ہوگئے جن میں سات خواتین تھیں۔ سڑک پر نصب کئے گئے بم سے منی وین ٹکرا گئی جس نے گاڑی کے پرخچے اڑا دیئے ۔ مسٹر خیرخواہ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔د وسری طرف ڈسٹرکٹ گورنر کے ترجمان شفیق نانگ نے بھی دھماکے کی توثیق کی ۔ یاد رہے کہ بیرونی اور افغانی افواج کو نشانہ بنانے کیلئے طالبان سڑک پر بم نصب کرکے گاڑیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔