میدک26جون(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)غریبوں کی خدمت سے اللہ رب العزت بے انتہا خوش ہوتے ہیں۔اور اللہ کے نبیﷺ نے ایک حدیث میں یوں ارشاد فرمایاکہ جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد میں لگا رہتا ہے تو اللہ اس کی مدد میں لگا رہتا ہے۔ان خیالات کا اظہار صدر میدک مسلم ویلفیر سوسائٹی وسرپرست اعلیٰ صفا بیت المال شاخ میدک مولانا محمد جاوید علی حسّامی نے میدک کے محلہ دار السلام پلّیڈی میں واقع کرسٹل گارڑن فنکشن ہال میں صفا بیت المال شاخ میدک کی جانب سے ہر سال کی طرح جاریہ سال بھی میدک کے غریب ومستحق روزہ دار خاندانوں میں رمضان راشن تقسیم کے پروگرام کے موقع پر خواتین اور عوام الناس کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مولانا محمد جاوید علی حسّامی نے کہاکہ آج بڑے افسوس کے ساتھ یہ بات کہنا پڑتا ہے کہ سماج میں کئی ایسے افراد ہیں جو بڑے ہی عیش وعشرت کے ساتھ زندگی گزارتے ہیں لیکن وہ کبھی کسی غریب کی مدد کرتے ہوئے اپنی آخرت نہیں سنوارتے اور کئی ایسے مالدار بھی ہیں جو اپنی کمائیوں میں سے بہت کا حصّہ بے جا رسم ورواج میں تو لگائیں گے لیکن کسی بیوہ کی ضرورت یا کسی مستحق کی حاجت پوری کرنے میں صرف نہیں کریں گے۔ مولانا محمد جاوید علی حسّامی نے صفا بیت المال شاخ میدک کی جانب سے انجام دئے جانے والے امور سے سامعین کو واقف کرواتے ہوئے کہاکہ صفا بیت الما ل شاخ میدک کی جانب سے موسم گرما میں میدک کے مختلف مقامات پر صاف اور ٹھنڈے پانی کا نظم،عید الفطر اور عید الاضحی کے موقع پر ضلع میدک کے پسماندہ دیہاتوں میں مقیم غریب ومستحق افراد میں گوشت کی تقسیم،دواخانوں اور جیلوں میں میوہ جات کی تقسیم،میدک کے غریبوں اور مستحقوں میں ہر ماہ99ہزار روپئے کے وظائف کی تقسیم،رمضان راشن تقسیم،عید پیاکجس کی تقسیم،فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کے علاوہ دیگر کئی ایک فلاحی ورفاہی خدمات صفا بیت الما ل شاخ میدک کی جانب سے انجام دئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مرکزی صدر و بانی صفا بیت المال انڈیا مولانا محمد غیاث احمد رشادی اور صفا بیت المال شاخ میدک کے سرپرست ِ اعلیٰ مولانا محمد جاوید علی حسامی کے حق میں دعا کی۔ اجلاس سے مولانا میر عابد علی ندوی نے کہاکہ اللہ کے راستہ میں خرچ کرنے ،غریبوں کی مدد کرنے،دینی امور میں اپنا جان مال لگانے،اور خدمت ِ خلق کے میدان میں کبھی بھی ہم میں سے کسی کو بھی پیچھے نہیں ہٹنا چاہئیے۔ مولانا محمد فصیح الدین معتمد صفا شاخ میدک نے کہاکہ آج کے اجلاس میں صفا بیت المال شاخ میدک کی جانب سے میدک کے جملہ 350 غریب ومستحق روزہ دار خاندانوں میں جملہ35.0000، تین لاکھ پچاس ہزار روپئے کے رمضان راشن کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اجلاس کی کاروائی معتمد صفا مولانا محمد فصیح الدین نے چلائی،جلسہ کا آغاز محمد فصیح الدین کی قرات اور حافظ محمد سمیر صدیقی مدنیؔ کی نعت سے ہوا۔ اجلاس میں صفا بیت المال شاخ میدک کے ذمہ داران کے علاوہ دیگر موجود تھے۔