محبوب نگر ۔ 24 ۔ جولائی ( فیکس ) دختران ملت کا مشہور و معروف دینی و اقامتی ادارہ دارالعلوم عربیہ محبوب نگر للبنات روبرو ہندی کالج شاہ صاحب گٹہ محبوب نگر میں مستقر کے علاوہ اطراف و اکناف کے دیہات و قریہ جات سے تعلق رکھنے والی غریب و نادار طالبات میں عید الفطر کیلئے کپڑوں کی تقسیم مولانا حافظ سید روف علی قادری ملتانی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ کے ہاتھوں عمل میں لائی ، اس موقع پر خواتین کیلئے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ آج مسلمان جہاں اسلامی تعلیمات سے دور ہیں وہیں غربت و پسماندگی کا بھی شکار ہیں ، ایسی صورتحال میں بانی و ناظم مدرسہ مولانا حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی ( عالم فاضل جامعہ نظامیہ ) و مجلس انتظامیہ کی نگرانی میں ادارہ کی جانب سے لڑکیوں اور خواتین کیلئے دینی تعلیم و تربیت کے علاوہ باہمی امداد اور فلاحی و رفاہی امور کی انجام دہی لائق تحسین ہے ، مولانا نے خواتین و طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ خواتین اپنے ظاہری حسن کو سنوارنے سے زیادہ دینی تعلیم واسلامی تہذیب سے واقف ہو کر اپنے اخلاق و کردار و نیز عادات و اطوار کو سنوارنے کی کوشش کریں ، مولانا نے خواتین کو بے پردگی اور فیشن پرستی سے دور رہنے کی تلقین کی اور کہا کہ غیرمسلم بالخصوص مغربی تہذیب کی فیشن اور نام نہاد ترقی کے نام پر اندھادھند تقلید نہ صرف گھریلو نظام زندگی بلکہ قوم و معاشرے کیلئے نقصان و بے شرمی کا باعث ہے ، سیدہ معراج کی قرات اور نیہا بیگم و فائضہ بیگم کی حمد و نعت سے اجتماع کا آغاز ہوا ، اس موقع پر صدر مجلس انتظامی ڈاکٹر خواجہ معین الدین نقشبندی ، نائب معتمد جناب محمد عبدالرب نقشبندی ، جناب محمد نصیرالدین نائب صدر مسجد خضری ، جناب مرزا نعیم اللہ بیگ ، معلمات مدرسہ حافظہ حسنی فاطمہ صدر معلمہ ، عالمی سلمی سلطانہ ، حافظہ فرح بیگم ، عالمہ رحمت بیگم ، عالمہ سلمی بیگم ، عالمہ کوثر بیگم ، عالمہ حمیرہ بیگم کے علاوہ خواتین و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی ۔