غریب مستحقین کو ڈبل بیڈروم مکانات دینے کا اعلان

پرکٹ میں سنگ بنیاد تقریب سے ریاستی وزیر پی سرینواس ریڈی کا خطاب
آرمور /25 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور منڈل کے شہر پرکٹ میں حکومت کی اسکیم بے گھر افراد کو مکان کی تعمیر کا سنگ بنیاد ریاستی وزیر پوچارام سرینواس ریڈی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس تقریب میں ضلع کلکٹر یوگیتا رانا نے بھی شرکت کی۔ ریاستی وزیر نے سنگ بنیاد تقریب کے بعد ایم آر گارڈن میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کہ وزیر اعلی کے سی آر کا مقصد تمام غریب بے گھر افراد کو ڈبل بیڈروم کا مکان تعمیر کرواکر دینا ہے، اسی غرض سے ہر اسمبلی حلقہ میں 400 مکانات کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح ضلع نظام آباد میں جملہ 3600 مکانات کی تعمیر 6 ماہ کے عرصہ میں عمل میں لائی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہر مکان کے لئے 5 لاکھ 4 ہزار روپئے مختص کئے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں پانی، سڑک اور برقی وغیرہ کے لئے 1.25 لاکھ روپئے دیئے جا رہے ہیں، اس طرح ہر مکان کے پیچھے 6 لاکھ 29 ہزار روپئے خرچ کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ کے غریب بے گھر افراد کو اس سال 60 ہزار مکانات دیئے جائیں گے، جس کا خرچ تقریباً 4000 ہزار کروڑ روپئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ مکانات مستحق افراد کو دیئے جائیں گے، اس میں کوئی جانبداری نہیں برتی جائے گی۔ سرکاری عہدہ داروں کے ذریعہ مستحق افراد کی فہرست تیار کی جائے گی، اگر کسی عہدہ دار نے جانبداری سے کام لیا تو اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں کی طرح اس ڈبل بیڈروم اسکیم میں دھاندلیاں نہیں ہوں گی۔ کانگریس حکومت میں مکان تعمیر کرنے کے سلسلے میں لاکھوں کی رقم ہڑپی گئی، لیکن مکان تعمیر کرنا تو دور کی بات، بنیاد تک نہیں ڈالی گئی۔ چور چور آپس میں گھر بانٹ لئے جیسا حساب ہو گیا۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلی کے مطابق پرکٹ قومی شاہراہ سے متصل یہ ڈبل بیڈرومس کے مکانات تعمیر کئے جائیں گے۔ یہاں پر جملہ 49 ایکڑ اراضی ہے، جس میں جملہ 15 مکانات منظور ہوئے ہیں۔ پرکٹ سرپنچ وجیہ لکشمی نارائنا کی نمائندگی پر انھوں نے اپنے منسٹری کوٹہ سے زائد از 35 مکانات دینے کا اعلان کیا اور مستحق افراد کو صبر کرنے کی تلقین کی۔ انھوں نے کہا کہ ہر سال مکانات تعمیر کرواکر دیئے جائیں گے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی آرمور جیون ریڈی نے بھی مخاطب کیا۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر یوگیتا رانا، آر ڈی او، ڈی آر او، تحصیلدار کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔ یہ پروگرام مقامی سرپنچ وجیہ لکشمی نارائنا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر مائناریٹی قائدین محمد ساجد علی، محمد اکبر علی، باجنا اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔