سنگاریڈی /22 اپریل ( پریس نوٹ ) نریندر ناتھ امیدوار بی جے پی پارلیمانی حلقہ میدک کے پریس نوٹ کے بموجب سب سے پہلے میں آپ کو تلنگانہ ریاست کے قیام پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس جدوجہد میں شامل افراد کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ یہ سبھی کی متحدہ کوششوں کا نتیجہ ہے کہ مرکزی حکومت کو ہماری مانگ کے آگے جھکنا پڑا ۔ آپ سب جانتے ہیں کہ پچھلے چھ مالوں سے میں میدک کی عوام کی بلالحاظ مذہب و ملت خدمات انجام دے رہا ہوں ۔یہ خدمات کسی سیاسی مفاد کیلئے نہیں بلکہ نرین ٹرسٹ کے تحت انجام دی گئی ہیں تاکہ میدک کے غریب افراد کی ترقی اور فلاح کا کام کیا جاسکے ۔ اس بار کے انتخابات میں میں بی جے پی کے امیدوار کی حیثیت سے میں آپ کی خدمات میں حاضر ہوں ۔ ساتھ ہی میرے فرزند بلوندر ناتھ بھی نرساپور اسمبلی حلقہ سے بی جے پی کے امیدوار ہیں ۔ میرے والد محترم چاگیلا بالکرشنا نے عوامی خدمات کی بنیاد ڈالی تھی اور اس سلسلے کو میں نے آگے بڑھایا ۔ اب میرے فرزند اس کام کو لیکر چل رہے ہیں ۔ ہمارا مقصد غریب و پسماندہ طبقات کی ترقی اور فلاح ہے اور اس کام کو ہم ہر حال میں جاریرکھیں گے ۔ جہاں تک میدے ضلع کا تعلق ہے بڑے ہی افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ حیدرآباد سے صرف ساٹھ کیلومیٹر دور رہنے کے باوجود یہ علاقہ کافی پسماندہ ہے ۔ یہاں کی عوام نہ صرف بہتر تعلیم سے محروم ہیں بلکہ ان کی معاشی حالت بھی ابتر ہے ۔ علاقہ میں نہ ہی صنعتی ترقی ہوئی ہے اور نہ ہی خود روزگار کے کوئی مواقع فراہم کئے گئے ہیں ۔ یہاں سے منتخب ہونے والے دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے اس علاقے کی ترقی کو نظر انداز کردیا ہے ۔ اپنے ذاتی فائدہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے میدے کی عوام کا استحصال کیا گیا ۔ کبھی کانگریس نے دھوکہ دیا تو کبھی ٹی آر ایس نے میدک کے غریب عوام کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کیا ۔ اس سلسلہ کو روکنے بھارتیہ جنتا پارٹی نے مجھے اس بار یہاں سے ٹکٹ دیا ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ میں آپ کی ترقی کو یقینی بناسکتا ہوں ۔