غریبوں کیلئے اچھے دن کب آئیں گے

مہاراشٹرا حکومت سے شیوسینا کا استفسار
ممبئی ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : پونے میں اسٹریٹ چلڈرنس ( بے سہارا بچے) کو میک ڈونالڈ ریسٹورنٹ سے باہر نکال پھینکنے کے واقعہ پر تنازعہ کے پیش نظر شیوسینا جو کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی زیر قیادت حکومت کی حلیف جماعت ہے آج یہ حیرت کا اظہار کیا کہ ملک میں غریبوں کے لیے اچھے دن کب آنے والے ہیں ۔ پارٹی ترجمان سامنا کے اداریہ میں بتایا گیاہے کہ میک ڈونالڈ ریسٹورنٹ کا واقعہ ملک میں غریبوں اور امیروں میں بڑھتی ہوئی خلیج ظاہر کرتا ہے ۔ اس طرح کے واقعات پر مباحثے جاری رکھنا چاہئے ۔ لیکن محض مباحث سے غریب بچوں کے مسائل کا حل برآمد نہیں ہوسکتا ۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ نیم برہنہ حالت میں غریب بچے سڑکوں پر فلائی اوورس کے نیچے ، ریلوے اسٹیشن پر سگنلس کے قریب اور ریسٹورنٹس کے باہر بھیک مانگتے ہوئے نظر آتے ہیں ان بچوں کے لیے اچھے دنوں کا خواب کب شرمندہ تعبیر ہوگا ۔ جیسا کہ بی جے پی نے انتخابی نعرہ دیا تھا ۔ شیوسینا نے الزام عائد کیا کہ سیاستداں ، ذاتی مفادات کے لیے امیروں اور غریبوں کے درمیان خلیج کو پاٹنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ جس کے نتیجہ میں مجبور اور لاچار لوگ خوشحال افراد کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہیں ۔ اداریہ میں کہا گیا کہ مہنگے ہوٹلوں میں اسٹریٹ چلڈرنس کے داخلے پر پابندی کے لیے کوئی قانون نہیں ہے لیکن اس طرح کی ہوٹلیں غریبوں کے لیے نہیں ہیں جہاں پر مفلوک الحال لوگ اپنے پیٹ کی آگ بجھا سکیں ۔ اور سستی غذا وڈاپاؤ ، کھانے پر مجبور ہیں ۔