کریم نگر 20 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غریبوں کو مختلف قسم کے کاروبار کے لئے خود روزگار اسکیمات کے لئے بغیر کسی ضمانت پر بینکوں کی جانب سے قرض منظور کئے جانے چاہئے۔ یہاں آندھرا بینک کے زیراہتمام مقامی ریونیو گارڈن میں منعقدہ ایک پروگرام میں ترجیح طلب شعبہ جات کے لئے قرضہ جات کی تقسیم پر بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نیتو کمار پرساد نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بینکوں کے قرض اجرائی میں تعاون کے سبب کئی شیوا شکتی سنگھموں سے جڑے خواتین کے مالی موقف میں بہتری آئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بینکوں کی جانب سے غریبوں، ضرورت مندوں کو بغیر کسی ضمانت انھیں درکار قرض دیا جائے تو صد فیصد ترقی ممکن ہے۔ انھوں نے کہاکہ ضلع میں موجود اٹھارہ خانگی بینک حکومت کے سرکاری اسکیمات پروگراموں میں اہم کردار ادا کررہے ہیں جبکہ آندھرا بینک سرکاری اسکیمات کی گراؤنڈنگ صف اول پر ہے۔اُنھوں نے عوام جن دھن یوجنا اسکیم کے تحت بینک میں کھاتہ کھولنے کا مشورہ دیا۔ اس موقع پر شیوا شکتی سنگھموں کو ٹریکٹرس حوالے کئے گئے اور زرعی آلات مشینیں وغیرہ بھی تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ڈی آر ڈی اے پی ڈی ارونا، جے ڈی چترو ، نائیک ، چندرشیکھر و دیگر موجود تھے۔