نئی دہلی ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) غذائی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا شکار مرکز آج متحرک ہوگیا اور وزیراعظم نریندر مودی نے صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریاستوں کو ہدایت دی کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف فوری اقدامات کرے اور بلارکاوٹ سربراہی یقینی بنائے۔ مرکز نے ریاستی وزرائے تغذیہ و امور صارفین کا 4 جولائی کو اجلاس طلب کیا ہے جس میں افراط زر پر قابو پانے کیلئے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال ہوگا۔ ماہ مئی میں افراط زر کی شرح 6.01 فیصد تک پہنچ گئی۔ ایسے وقت جبکہ قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، وزیراعظم نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے سکریٹری امور صارفین کیشو دیسی راجو کو ہدایت دی کہ تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو ضروری اقدامات کیلئے مکتوب روانہ کریں۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا کہ پیاز کی قیمتوں میں اضافہ حکومت کیلئے باعث تشویش ہے۔ حال ہی میں اس پر قابو پانے کیلئے بعض اقدامات کئے گئے ہیں لیکن مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔ دارالحکومت دہلی میں پیاز کی قیمت 25 تا 30 روپئے فی کیلو تک پہنچ گئی ہے ۔دیسی راجو نے پیاز کی بلارکاوٹ سربراہی یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت دی تاکہ عوام الناس کو مشکلات نہ ہوں۔