عید الفطر کے موقع پرخطیب جامع مسجد مہدویہ مشیرآبادمولانا سید بختیار عالم کا خطاب

حیدرآباد۔31جولائی(پریس نوٹ)زندگی کے تمام عبادات کا دارومدار خوف خدا پر منحصرہے۔ نفس پر قابو رکھنے والے اللہ کے حضور پیش ہونے پر بیشک رسوا نہیں ہونگے۔ خطبہ عید الفطر کے دوران مولانا بختیار عالم مولوی کامل جامعہ نظامیہ جامع مسجد مہدویہ مشیرآباد ان خیالات کا اظہار کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ خوف خدا سے لرزہ براندم ہونا انبیاء کی سنت اور اولیاء کرام کی عادت رہی ہے اور جس پر خوف خداطاری ہوتا ہے وہ یقینی طور پر گناہوں سے محفوظ رہے گا۔خوف خدا دلوں میں رکھنے والے لوگ قیامت کے روز اپنے بنی مکرم کے سامنے شرمندہ نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ رمضان کے بعد مساجد کی ویرانی خود اس بات کی دلیل ہے کہ ہم اپنی عبادتوں اور فرائض کے متعلق کوتاہی برت رہے ہیں اگر مسلمان قیامت کے دن ہونے والے حساب کتاب سے حقیقی معنیٰ میں واقف ہوجائے اور خدائی احکامات سے انحراف کے سبب ملنے والی سزائوں کے متعلق واقفیت حاصل کرلے تو یقینی طور پر رمضان کے بعد بھی ہماری مساجد اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کریں گی۔انہوں نے کہاکہ خوف خدا سے ہی نفس پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ مولانا بختیار عالم نے دنیا بھر میں اسلام کے خلاف کی جارہی سازشوں کی مذمت کی اور کہاکہ دنیا بھر کے مختلف مقامات پر مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف افسوس کے ذریعہ ہم مظلوم مسلمانوں سے اظہار یگانگت کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مظالم کا شکار مسلمانوں کی حفاظت کے لئے نم انکھو ں سے کی جانیوالی دعائیں بارگاہ رب العزت میں یقینی طور پر شرف قبولیت کی حقدار ہونگی۔انہوں نے عالم اسلام کو عید کی مبارکباد پیش کی اور فطرے کی ادائی کے متعلق تفصیلات بیان کئے۔ نگران کار جامع مسجد مہدویہ مشیرآباد مولانا سید علی متولی نے مصلیان مسجد کا اس موقع پر شکریہ ادا کیا اور جمعتہ الوداع اور نماز عیدین کے موقع پر دامے درمے سخنے مسجد کمیٹی کے تعاون کو قابلِ ستائش قراردیا۔ سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز عیدالفطر ادا کی اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکبادپیش کی۔