عیدگاہ میر عالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں نماز عید الاضحی کے انتظامات مکمل

وقف بورڈ عہدیداروں کا اجلاس ، صدر نشین بورڈ محمد سلیم کا خطاب
حیدرآباد۔31 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے عیدگاہ میرعالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں نماز عیدالاضحی کے انتظامات مکمل کرلیئے گئے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں دونوں عیدگاہوں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رمضان المبارک کے موقع پر مقامی افراد اور مصلیوں کی جانب سے جن کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی تھی، اس مرتبہ کوئی خامی نہیں رہنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی سے ایک دن قبل عیدگاہ میرعالم کی خیرمقدمی کمان نصب کی جائے۔ اس سلسلہ میں عہدیداروں کو پابند کیا گیا ہے۔ علاقہ میں لاریوں کی آمد و رفت کے باعث کمان کی تنصیب میں دشواری کا سامنا ہے۔ لہٰذا عید سے ایک دن قبل کمان کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔ مقامی عوامی نمائندوں میں صدرنشین وقف بورڈ کے دورۂ عیدگاہ کے موقع پر اس جانب توجہ مبذول کروائی تھی۔ عیدالفطر کے موقع پر کمان کی عدم تنصیب کی شکایت کی گئی تھی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ امکانی بارش کے پیش نظر شامیانوں اور جائے نمازوں کا خصوصی انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامات کے سلسلہ میں بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اور آئندہ سال وقف بورڈ اس بات کی کوشش کرے گا کہ بارش کی صورت میں واٹر پروف ٹینٹ کی تنصیب عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ واٹرورکس کی جانب سے نمازیوں کے لیے وضو کے پانی کا خصوصی انتظام کیا جائے گا اس کے علاوہ صاف پینے کے پانی کی سربراہی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ شخصی طور پر انتظامات کی نگرانی کریں۔ دونوں عیدگاہوں میں نماز کے موقع پر عوام کی جانب سے کوئی بھی شکایت نہیں ملنی چاہئے۔ عیدگاہ میرعالم میں نماز عید صبح 9:30 بجے ہوگی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی نماز عید کی امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا خطاب ہوگا۔ عیدگاہ مادنا پیٹ میں نماز عید صبح 9:00 بجے ہوگی۔ صدرنشین وقف بورڈ نے تلنگانہ کے عوام بالخصوص مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتظامات کے سلسلہ میں عوام وقف بورڈ کو اپنی تجاویز پیش کرسکتے ہیں۔