عیدگاہ میر عالم اور عیدگاہ مادنا پیٹ میں عیدالاضحی کے انتظامات

مختلف سرکاری محکمہ جات کو ذمہ داری ، سکریٹری اقلیتی بہبود و سی ای او وقف بورڈ کا دورہ
حیدرآباد۔/9 ستمبر، ( سیاست نیوز) عیدالاضحی کے موقع پر عیدگاہوں میں مناسب انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور چیف ایکزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ محمد اسد اللہ نے مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ہمراہ آج شام عید گاہ میرعالم کا دورہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ہر سال کی طرح عید کے سلسلہ میں نقائص سے پاک انتظامات کئے جائیں۔ عہدیداروں نے عید گاہ میں جاری انتظامات کا شخصی طور پر معائنہ کرتے ہوئے بعض تجاویز پیش کیں۔ عیدگاہ میرعالم اور عید گاہ قدیم مادنا پیٹ کے انتظامات کو محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے قطعیت دی جاچکی ہے اور دیگر متعلقہ سرکاری محکمہ جات جیسے پولیس، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ، ٹرانسکو، آر ٹی سی، عمارات و شوارع اور میڈیکل اینڈ ہیلت کو مختلف اُمور کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ عیدگاہ میر عالم اور مادنا پیٹ میں شامیانوں کی تنصیب کے علاوہ کارپٹ اور جائے نمازوں کو بچھانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وقف بورڈ کی جانب سے عید گاہ میرعالم کے انتظامات کیلئے سپلائینگ کمپنی کو 3 لاکھ روپئے اور عید گاہ مادنا پیٹ کے انتظامات کیلئے دیڑھ لاکھ روپئے ادا کئے جاتے ہیں۔ عید گاہ میر عالم میں لاؤڈ اسپیکر کا زو پارک بستی نبی کریم، راما تھیٹر اور میر عالم ٹینک روڈ تک انتظام رہے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود کے مطابق عیدگاہ میرعالم میں نماز عید 9:30 بجے صبح ہوگی اور مولانا حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد امامت و خطبہ کے فرائض انجام دیں گے۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کا فضائل عیدالاضحی پر خطاب ہوگا۔ محکمہ پولیس کو تمام ضروری سیکوریٹی انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ دونوں عیدگاہوں میں میٹل ڈیٹکٹر نصب کئے جائیں گے اور عید گاہ کے اطراف علاقوں میں پارک کی ہوئی ٹرکس، لاریوں اور دیگر گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے ہٹادیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے عیدگاہ کے راستوں پر ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کیلئے منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ نماز سے کافی قبل ہی ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ علاقے کی جانچ کی جائے گی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو عیدگاہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔ عید گاہ کو جانے والے تمام راستوں کی صفائی کی ہدایت دی گئی۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی بورڈ کی جانب سے مصلیوں میں پانی کے پیاکٹس تقسیم کئے جائیں گے اور وضو کیلئے پانی بھی سربراہ کیا جائے گا۔ بلاوقفہ برقی کی سربراہی کے سلسلہ میں ٹرانسکو کو ہدایت دی گئی ہے۔ برقی منقطع ہونے کی صورت میں ٹرانسفارمر کے ذریعہ برقی بحال ہوگی جس کے لئے ہنگامی طور پر جنریٹر کا انتظام رہے گا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے عیدگاہ کے پاس ایمبولنس کا انتظام رہے گا اور میڈیکل ٹیم تعینات رہے گی۔