نئی دہلی ۔ 3 جنوری (فیکس) شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے کہا کہ ربیع الاول کا چاند نظر آ گیا۔ عیدمیلادالنبی ؐ 14 جنوری 2014ء بروز منگل کو ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ بڑی سیاسی پارٹیوں کو عوام سے جڑنے اور ان کے سکھ دکھ کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ عام آدمی پارٹی عوام کے اندر ہے اس لئے اسے فتح ہوئی۔ شاہی امام نے اروند کجریوال کے وزیراعلیٰ ہونے کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ مسلمانوں سے کئے گئے اپنے وعدوں کو بھی جلد پورا کریں گے اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھی پورا کریں گے۔ شاہی امام نے اترپردیش میں فساد متاثرین کے کیمپ کو بے رحمی سے اکھاڑے جانے کی شدید مذمت کی اور اسے شرپسند عناصر سے سازباز قرار دیا
اور مطالبہ کیا کہ جلد از جلد امن بحال کیا جائے اور فساد زدگان کی حکومت مدد کرے۔ شاہی امام نے یو این او سے پرزور مطالبہ کیا کہ میانمار میں روہنگیائی مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی پر یو این او فوری کارروائی کرے۔ وہاں مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے۔ نیز مسلم خواتین کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔ یو این او کو حقوق انسانی چارٹر کے تحت مسلمانوں کو تحفظ دینا چاہئے۔ شاہی امام نے بڑی چھ طاقتوں کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے مذاکرات کی پیشرفت کی ستائش کی اور امید ظاہر کی کہ جنوری کے مہینے میں مزید مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔