عیدملاپ پروگرام سے قومی یکجہتی کو فروغ

ورنگل /13 اکٹوبر ( فیاکس ) بزم اساتذہ برائے فروغ اردو زبان و ثقافت کے زیر اہتمام عیدملاپ پروگرام بتاریخ 11 اکٹوبر 2014 بروز ہفتہ بعد نماز مغرب بمقام اسلامک انفارمیشن سنٹر ہنمکنڈہ پر زیر صدارت جناب ڈاکٹر انیس احمد صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جناب محمد فیض الرحمن شکیل امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ہنمکنڈہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز جناب حافظ محمد سمیع خازن بزم ہذا سے ہوا ۔ حمد باری تعالی جناب سید نذیر احمد ، نعت شریف جناب محمد احمد خان اور جناب حافظ ادریس نے پیش کی ۔ اس پروگرام میں مولانا احمد اللہ قاسمی امام و خطیب مسجد عیدگاہ ہنمکنڈہ نے اپنے خطاب میں عیدملاپ کے عنوان کو اجاگر کرتے ہوئے قربانی کے مقصد کو واضح کیا اور اردو زبان کی اہمیت اور اس کی بقاء کیلئے جدوجہد پر زور دیا اور کہا کہ صرف نعرے بازی سے کام نہیں چلے گا بلکہ اس کی بقا ہمارا حق ہے ۔ اس کیلئے میدان عمل میں آنا پڑے گا ۔ جناب محمد رفیق صاحب بزبان تلگو میں مخاطب کیا ۔ آپ دعوۃ سل جماعت اسلامی ہند حلقہ آندھراپردیش و اڑیسہ کے سکریٹری بھی ہیں ۔ آپ نے بہت اچھے انداز زیں حکمت کے ساتھ حضرت ابراہیمؑ کے اسوہ کو پیش کیا جس کے ذریعہ برادران وطن میںتوحید وحدانیت کو واضح کیا اور قرآنی آیات کے ساتھ دوسرے مذہبی کتابوں کا حوالہ لیتے ہوئے ایک اللہ کی عبادت پر زور دیا ۔ مسٹر گنگو اوپیندر شرما صدر پجاری ہزار ستون دیول ہنمکنڈہ نے مخاطب کرتے ہوئے ابتداء میں جناب محمد رفیق کی تقریر کو سراہا اور کہا کہ میں ان کی تقریر سے کافی متاثر ہوا ہوں اور کہا کہ مجھے میرے مذہب کے تعلق سے اتنی معلومات نہیں ہیں ۔ جتنی آپ کو ہیں ۔ رفیق صاحب نہ صرف اپنے مذہب پر عبور رکھتے بلکہ دوسرے مذاہب پر بھی عبور حاصل ہے ۔ یہ غیر معمولی بات ہے ۔ گنگو شرما عید ملاپ پروگرام میں مدعو کرنے پر ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم عید تہوار کے موقعوں پر ایسے پروگرام منعقد کرتے رہنا چاہئے ۔ جس سے مختلف مذاہب کے لوگوں میں محبت بڑھے گی اور اس کے ذریعہ قومی یکجہتی کو فروغ حاصل ہوگا ۔ ہم تلنگانہ ریاست میں ہندو مسلم بھائی بھائی کی طرح رہتے آئے ہیں ہم اسی طرح رہتے ہوئے تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے کام کریں گے ۔ مسٹر ستیہ موہن صدر برہمن سماج ضلع ورنگل نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرام میں میں پہلی مرتبہ شرکت کر رہا ہوں ۔ انہوں نے پروگرام کے انتظامیہ کو انہیں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور مسرت کا اظہار کیا ۔ آپ نے مستقبل میں اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کی خواہش کی اور ان کی جانب سے تعاون کا پیشکش کیا ۔ پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر انیس احمد صدیقی نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عید ملاپ پروگرام منعقد کرنے کا اصل مقصد قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے ۔