کریم نگر۔/25جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پیر کو عیدالفطر ہوگی، مسلمانوں کو نماز کی ادائیگی کیلئے کسی بھی قسم کی کوئی تکلیف یا دشواری نہ ہو اس کا خیال رکھا جائے اور اس ضمن میں موثر انتظامات کئے جائیں۔ جوائنٹ کلکٹر بی سرینواس نے متعلقہ عہدیداروں کو احکامات دیئے۔ کلکٹریٹ میں منعقدہ رمضان عید کے انتظامات پر ضلعی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمام مقامات پر جہاں نماز عید ہوگی سبھی عیدگاہوں اور مساجد کے پاس صاف صفائی اور سفید چونے سے مارکنگ کرنے کیلئے پنچایت اور میونسپل عہدیداروں کوہدایت دی۔ اس موقع پر پینے کے پانی کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی اور کہا کہ اس پر سختی سے عمل آوری ہونی چاہیئے بصورت دیگر سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ انہوںنے کہا کہ برقی سربراہی میں رکاوٹ یا خلل نہ ہونے پائے، پولیس کا بھی معقول انتظام ہو کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہونے پائے۔ ٹریفک کے بہاؤ میں باقاعدگی کیلئے اقدامات کرنے کااے سی پی کو مشورہ دیا۔ اس اجلاس میں ڈی آر او عائشہ مسرت خانم، آر ڈی او بی راجہ گوڑ، اے سی پی راما راؤ، مجلس بلدیہ ایڈیشنل کمشنر وینکٹیشم، میناریٹی ویلفیر آفیسر احمد علی، پنچایت آفیسر چاری، تحصیلدار راجندر، وینکٹ ریڈی ، راج کمار، سرینواس وغیرہ شریک تھے۔