گلبرگہ میں رکن اسمبلی کنیز فاطمہ کا عہدیداران کے ساتھ جائزہ اجلاس
گلبرگہ 21اگسٹ :(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی گلبرگہ شمال محترمہ کنیز فاطمہ نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع گلبرگہ مسٹر این ششی کمار ملاقات کرکے انھیں شخصی طور پر عید الاضحی کے ضمن میں بہتر پولیس بندو بست اور امن قائم رکھنے کی ہدایات دیں ۔ انھوں نے کہا کہ عید کے موقع پر شہر میں امن قائم رکھنے کے لئے وہ غیر سماجی عناصر کی سرگرمیوں پر سخت نظر رکھیں۔انھوں نے ایس پی سے کہا کہ عید کے موقع پر عیدگاہ قمرآباد جانے والے مسلمانوںکے لئے ٹریفک میں آسانی پیدا کرنے اور ٹریفک کنٹرول کے لئے وہ رنگ روڈ اور ہاگرگہ روڈوغیرہ پر بھی مناسب تعداد پولیس عملہ متعین کریں ۔ اس موقع پر مسٹر فراز الاسلام اور سابق مئیر مسٹر سید احمد محترمہ کنیز فاطمہ کے ساتھ تھے ۔ پی گلبرگہ مسٹر این ششی کمار نے محترمہ کنیز فاطمہ کو تیقن دیا کہ محکمہ پولیس عید کے موقع پر شہر میں قیام امن کے معاملہ میں مؤثرخدمات انجام دے گا۔ اور شہر میں ٹریفک کنٹرول کے لئے زیادہ سے زیادہ پولیس عملہ متعین کیا جائے گا۔ ایوان شاہی گیسٹ ہائوز گلبرگہ میں 20اگست کو محترمہ کنیز فاطمہ نے سٹی کارپوریشن گلبرگہ کے عملہ کے ساتھ عید الاضحی کی تیاریوں سے متعلق ایک جائیزہ اجلاس میں حصہ لیا ۔ اس موقع پر جناب فراز الاسلام ، کرناٹک اسٹیٹ مائیناریٹی کمیشن کے رکن عادل سلیمان سیٹھ ،سید احمد سابق مئیر، عالیہ شیرین سابق مئیر، مئیر گلبرگہ شرن کمار مودی، رامپا جادھو اسسٹنٹ کمشنر اور مناف پٹیل و دیگر اس اجلاس میں شریک تھے ۔ اس موقع پر محترمہ کنیز فاطمہ نے کارپوریشن عہدہ داران کو سختی کے ساتھ ہدایت دی کہ وہ عید کے موقع پر قربانی کے تین دنوںکے دوران قربانی کے باقیات اور فضلہ کی نکاسی کے مقامات سے اور نکاسی کے طریقہ سے شہریان کو واقف کروائیں ۔ کارپوریشن کے عہدہ داران نے کہا کہ عید کے موقع پر وہ کارپوریشن کے جونئیر انجنئیرس اور اسسٹنٹ انجنئیرس کی ہر ایک زورن میں تعیناتی عمل میں لائیں گے ۔ اخبارات اور میڈیا میں بھی یہ تفصیلات شائع کی جائیں گی۔ محترمہ کنیز فاطمہ نے کچرے کی نکاسی کے میدان سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں ۔ انھوںنے تمام کارپوریشن عہدہ داران کو سختی کے ساتھ ہدایت دی کہ وہ عید کے تین دنوں کے دوران شہر کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔