عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کے ضمن میں پولیس کے سخت صیانتی انتظامات

بھینسہ میں سی سی کیمروں کی تنصیب، ڈی ایس پی اندے راملو کی پریس کانفرنس
بھینسہ۔ یکم ستمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست تلنگانہ میں حساس مقام تصور کئے جانے والے بھینسہ شہر میں تیسری مرتبہ دونوں طبقات کے مذہبی تہوار عیدالاضحی اور گنیش وسرجن جلوس ایک ہی روز 2 ستمبر بروز ہفتہ منائیں جائیں گے۔ دونوں تہوار ایک ہی روز ہونے کے پیش نظر محکمہ پولیس کافی متحرک دیکھا جارہا ہے اور شہر میں سخت صیانتی بندوبست کرتے ہوئے عبادت گاہوں ، حساس مقامات اور چوراہوں پر پولیس پکیٹس تعینات کرتے ہوئے پولیس جوانوں کو متعین کرتے ہوئے شہر میں داخل ہونے والی شاہراہوں پر پولیس چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے شہر میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی تنقیح کی جارہی ہے۔ جبکہ شہر کے کئی اہم و حساس مقامات اور عبادت گاہوں کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے فلم بندی کی جارہی ہے اور پولیس کے اعلیٰ عہدیداران و ضلع ایس پی نرمل وشنو ایس واریار شہر میں خصوصی نظریں مرکوز کرتے ہوئے امن وامان کی بقاء کیلئے کوشاں ہیں۔ بھینسہ ڈی ایس پی اندے راملو نے اپنے دفتر میں اخباری نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے شہر میں دونوں طبقات کی عوام کو عیدالاضحی اور گنیش وسرجن کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے دونوں تہواروں کے پیش نظر کئے جانے والے بندوبست انتظامات کو پیش کیا اور کہا کہ گنیش وسرجن جلوس کی راست نگرانی ضلع نرمل ایس پی وشنوواریار کریں گے جبکہ ایک ایڈیشنل ایس پی، پانچ ڈی ایس پیز، 20 سرکل انسپکٹرس، 40 سب انسپکٹران، اسسٹنٹ سب انسپکٹران کے علاوہ 250پولیس کانسٹبل، 100سے زائد ہوم گارڈز ، پانچ اسپیشل ٹیمیں، نیم فوجی دستے، ARM پولیس جوان، خواتین پولیس اور وجرا گاڑی، ایک بم اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ ٹیم، سادہ لباس میں خصوصی پولیس جوانوں کی ٹیم اور چھ پولیس سیکٹر جس میں ایک سرکل انسپکٹر ایک سب انسپکٹر کے علاوہ 15 کانسٹبل کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھینسہ شہر کی عوام بالخصوص نوجوان طبقہ تعلیم یافتہ طبقہ ہے اور آپس میں ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام بھی اچھی طریقے سے کرتے ہوئے تلخ یادو کو فراموش کرتے ہوئے شہر میں امن و انسانیت کو فروع دیا جارہا ہے اور دونوں طبقات میں محبت و دوستی پروان چڑھ رہی ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ شہر کی عوام تیسری مرتبہ بھی دونوں تہواروں کو اییک ہی دن پرامن طور پر مناتے ہوئے آپسی اتحاد اور گنگا جمنی تہذیب کی ہیٹرک قائم کرے۔ اس موقع پر سرکل انسپکٹر پولیس اے رگھو اور خصوصی طور پر طلب کردہ سب انسپکٹر راما راؤ بھی موجود تھے۔