عہدیداروں کی لاپرواہی سے مستحقین اسکیمات سے محروم

محبوب نگر 13؍اپریل۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) غریب مستحق اقلیتوں کیلئے ریاستی حکومت کئی ایک ویلفیر اسکیمات کا آغاز عمل میںلارہی ہے لیکن عہدیدار اس کو عوام سے مستفید کرانے میں ناکام ہورہے ہیں۔ مقامی ایم ایل اے و پارلیمنٹری سکریٹری مسٹر سرینواس گوڑ نے ریاستی مائناریٹی کمشنر محمد جلال الدین اکبر سے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز محبوب نگر میں ملاقات کرتے ہوئے شکایت کی ۔ انہو ںنے مزید کہا کہ اسکیمات کی تشہیر صحیح انداز میں نہیں ہوپارہی ہے۔انہوں نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ اقلیتوں کو کم حد تک استفادہ کے مواقع فراہم ہورہے ہیں بحیثیت ایم ایل اے خود انہیں لا علم رکھا جارہا ہے ۔ عہدیداروں کی لاپرواہی سے سبسیڈی ‘قرصہ جات ‘شادی مبارک اور دیگر اسکیمات سے مستحقین محروم ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم اب مستحقین کو مذکورہ بالا اسکیمات سے مستفید ہونے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ ریاستی حکومت اقلیتوں کیلئے 1105 کروڑ روپئے کا بجٹ منظور کرتے ہوئے وسیع تر ترقیاتی اقدامات کررہی ہے ۔ ریاستی مائناریٹی کمشنر محمد جلال الدین اکبر نے آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز محبوب نگر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ انہو ںنے کہا کہ اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کیلئے فنڈز کی اجرائی عمل میں لائی گئی ہے۔ گذشتہ سال بجٹ 1030 کروڑ تھا جس میں اصافہ کرتے ہوئے اس کو 1105 کروڑ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مائناریٹی بوائز ریسیڈیشنل اسکول کی ونپرتی میں تعمیر کیلئے 14 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں اس کے ساتھ ساتھ مستقر محبوب نگر پر بھی مائناریٹی ریزیڈینشل اسکول کے قیام کیلئے منصوبہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شادی مبارک اسکیم کو ریاست بھر میں مقبولیت حاصل ہورہی ہے ۔ ریاست بھر میں 8000 سے زائد درحواستیں وصول ہوئی ہیں جس میں 6000درخواستوں کی یکسوئی کرتے ہوئے نقد رقم جاری کی گئی ہے ۔ اسکیم کی صد فیصد کامیابی کیلئے بہتر تشہیر کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ پریس کانفرنس میں ڈی آر او رام کشن ‘مائناریٹی ویلفیر کے ڈپٹی ڈائرکٹر سبھاش گوڑ ‘ ای ڈی کریم اللہ مائناریٹی ویلفیر آفیسر شریمتی شریشا اور دیگر موجود تھے ۔