بلدیہ شادنگر کا اجلاس، کونسلرس کا سخت اظہار برہمی، مختلف امور پر مباحث
شادنگر ۔ /27 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شاد نگر بلدیہ کونسل کا ماہانہ اجلاس کا کونسل ہال میں انعقاد عمل میں آیا ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی بلدیہ کونسلرس نے چیرمین بلدیہ اگنور وشوم اور میونسپل کمشنر راما انجنیلو ریڈی سے سوال کیا کہ آخر شادنگر بلدیہ کے حدود میں رہنے والی عوام کو صاف و شفاف پینے کے پانی کی سہولت کب مہیا کی جائے گی ۔ عوام ان کو ووٹ دے کر منتخب کرنے کے بعد سے لیکر آج تک پانی کے متعلق ہمہ اقسام کے سوالات کررہے ہیں ۔ شاد نگر بلدیہ میں 8 کروڑ روپیوں سے زائد بجٹ موجود رہنے کے باوجود عوام کو پانی کی سہولت فراہم کرنے میں بلدیہ حکام کیوں لاپرواہی اور کوتاہی سے کام کررہے ہیں ۔ جبکہ پورے بلدیہ کے وارڈس میں پانی کی عوام کو قلت محسوس ہورہی ہے ۔ بلدیہ کونسلرس راجیندر ، شریمتی بھیمماں ، کے چنیا ، راجو ، محترمہ محمودہ بیگم ، آسیہ بیگم ، برہما رمیا ، وجئے ریڈی ، نرسملو کے علاوہ دیگر کونسلروں نے پانی کی سہولت عوام کو فراہم کرنے پر زور دیا ۔ مذکورہ کونسلرس نے کہا کہ جب تک پینے کے پانی کا مسئلہ حل نہیں کیا جائے گا تب تک میونسپل کمشنر اور بلدیہ چیرمین کو اجلاس سے باہر جانے نہیں دیا جائے گا ۔ بلدیہ عملہ کی جانب سے پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے میں عدم توجہ و لاپرواہی سے ایک طرف عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور دوسری طرف منتخبہ کونسلرس سے عوام وجوہات طلب کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کررہے ہیں ۔کونسلر چنیا نے میرے علاقہ میں ترقیاتی کاموں کو روکتے ہوئے پہلے پینے کے پانی کی سہولت مہیا کرنے پر زور دیا ۔ بلدیہ کے اجلاس کے آغاز سے قبل بلدیہ کونسلرس یوگیندر اور چنٹو نے بلدیہ کمشنر راما انجنیلو ریڈی اور دیگر دو ملازمین کو /26 جنوری کے موقع پر ایوارڈ سے نوازے جانے پر تہنیت پیش کرنے کو لیکر بلدیہ کے دیگر کونسلروں نے برہمی کا اظہار کیا ۔ بلدیہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل تقریباً ترقیاتی امور کو کونسل نے منظوری دے دی اور بلدیہ کونسلروں نے پرزور مطالبہ کیا ۔ ہرحال میں عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات کرنے پر زور دیا ۔ بلدیہ کونسلرس رشید بیگم ، کے چنیا ، نرسملو اور دیگر کونسلروں نے بلدیہ چیرمین اگنوروشوم اور بلدیہ کمشنر راما انجنیلو سے سوال کیا کہ کونسل کا قیام عمل میں آئے اتنا لمبا عرصہ گزرنے کے باوجود کوآپشن ممبر کا انتخاب کیوں عمل میں نہیں لایا گیا ۔ اس سوال پر کمشنر بلدیہ راما انجنیلو ریڈی نے بتایا کہ کوآپشن کے عمل کو پورا کرنے کے متعلق اعلیٰ عہدیداروں سے وضاحت طلب کی جارہی ہے ۔ اعلی عہدیداروں سے وضاحت کا جواب آنے کے بعد کوآپشن ممبر کا انتخاب عمل میں لانے کا بلدیہ چیرمین اگنوروشوم نے تیقن دیا ۔