ضلع محبوب نگر میں شادی مبارک کی 4045 درخواستیں زیر التواء
محبوب نگر /27 ڈسمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع محبوب نگر میں شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم کی 4783 درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں سے 4045 درخواستیں زیر التواء ہیں ۔ ریاستی حکومت نے اس تاریخ ساز اسکیم کا آغاز کیا تھا ۔ جس سے تلنگانہ کو ملک بھر میں شہرت ملی تھی ۔ حکومت نے اسکیم کے آغاز میں 51,116 روپئے اور پھر 75116 روپئے اور اس میں مزید اضافہ کرکے 100016/- روپئے کردیا جس سے مستحق خاندانوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ ضلع انتظامیہ کی غفلت اور تساہلی سے درخواستوں کی بروقت یکسوئی نہیں ہو پارہی ہے ۔ جبکہ ریاستی حکومت کی ہدایت کے لحاظ سے شادی کے دن ہی چیک جاری کرنا ہے ۔ اسمبلی انتخابات کی وجہ سے تحصیلداروں کے تبادلے ، انتخابات کے دو ہفتے گذرنے کے بعد بھی درخواستیں جوں کی توں پڑی ہوئی ہیں ۔ جبکہ غریب اور مستحق خاندانوں کے ایک قومات کی اجرائی کی امیدیں لگائے ایس ایک دن مشکل سے کاٹ رہے ہیں ۔ ضلع کے 26 منڈلوں کے منجملہ 2019 درخواستوں کی تو ابھی تک تنقیح بھی نہیں کی گئی ہے ۔