عوام 2019 میں پھر مودی کی تائید کریں

2014 کے بعد ملک کے سنہرے دور کا آغاز : چیف منسٹر یو پی کا ادعا
لکھنو 24 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے چیف منسٹر ادتیہ ناتھ نے آج عوام سے اپیل کی کہ وہ 2019 کے انتخابات میں بھی وزیر اعظم نریندر مودی میںاپنے یقین کا اظہار کریں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 کے بعد سے ملک کے سنہرے دور کا آغاز ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے سماج کے پسماندہ اور دلت طبقات کے افراد سے خطاب کرتے ہوئے یہ اپیل کی ۔ اس پروگرام کا اہتمام بی جے پی مورچہ نے کیا تھا ۔ انہوں نے دلتوں سے کہا کہ آپ لوگ اشوک اعظم کی روایات میں یقین رکھتے ہیں کیونکہ ان ہی کے دور میں ملک کے سنہرے دور کا آغاز ہوا تھا ۔ اب ایک بار پھر ہندوستان کے سنہرے دور کا 2014 کے بعد سے آغاز ہوا تھا جو نریندر مودی کا دور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے دور میں ہندوستان کا وقار اور احترام دنیا بھر میں بڑھا ہے ۔ بیرونی ممالک میں مودی کا والہانہ خیر مقدم کیا جا رہا ہے اور ہندوستان ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے وہاں موجود عوام سے خواہش کی کہ وہ اس بات کا عہد کریں کہ وہ 2014 میں ایک بار پھر نریندر مودی کو وزیر اعظم بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ملک میں عدم استحکام کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی فرد یا برادری اسی وقت با اختیار بن سکتی ہے جب ملک مستحکم ہو ایسے میں ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے والی طاقتوں سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے ۔