ادھربونڈ (آسام) 9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے جدوجہد کرنے والے عوام ہی ان کے اصل گرو ہیں اور وہ ان سے بتدریج بہت کچھ سیکھ رہے ہیں۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے یہ بات بتائی۔ لیڈرس عوام سے ہی سیکھتے ہیں۔ آپ میرے ٹیچر ہو اور میں آپ سے سیکھ رہا ہوں۔ راہول گاندھی نے آج یہاں ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیڈروں کو عوام کا احترام کرنا چاہئے۔ میں بھی ان کی بے حد عزت کرتا ہوں ۔ آپ نے ملک کیلئے بہت کڑتیاں دی ہیں۔ ہم آپ کو ہرگز فراموش نہیں کرسکتے۔
آپ کی جدوجہد میری جدوجہد ہے۔ ہم مل جل کر مسلسل حل کریں گے۔ لیڈروں کو اپنے انا کے دائرہ سے باہر آنا چاہئے انہیں عوام سے راست طور پر ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے قدم اٹھانے چاہئے۔ ہم کو ان کی بات سننی ہوگی اور ان سے سیکھنا ہوگا۔ اس سے مجھے طاقت اور حوصلہ ملتا ہے۔ آپ مجھے طاقت دیجئے، میں آپ کو ترقی دوں گا۔ لیڈرس اپنے طور پر کچھ نہیں ہوتے لیکن عوام کے ساتھ ان کا رشتہ ہی انہیں لیڈر بناتا ہے۔ ان کا اخلاقی فرض ہیکہ وہ اپنے عوام کی ہر حال میں خدمت کریں۔ راہول گاندھی نے عوام سے وعدہ کیا کہ اگر کانگریس کو مرکز میں حکومت بنانے کا موقع دیا گیا تو میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ یہاں ریلوے لائن کو وسعت دی جائے گی۔ مشرقی مغربی کوریڈار کو مشرق میں سلچر اور مغرب میں سوراشٹرا سے مربوط کیا جائے گا۔
عام آدمی پارٹی امیدوار نے ڈپازٹ کی رقم 50 پیسے پر مشتمل 20,000 سکے جمع کرائے
احمد آباد ۔ 9 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) توجہ مبذول کرانے والا کام کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے امیدوار روہت گور نے ضلع کچھ کے حلقہ اسمبلی ابداسا میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کیلئے ڈپازٹ کی رقم کے طور پر 50 پیسوں پر مشتمل 20,000 سکے جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی بدعنوان سیاست دانوں کے باعث روپئے کی قدر گر رہی ہے۔ ان دونوں پارٹیوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ایک عام آدمی کے پاس 50 پیسے سے زیادہ قدر والا سکہ نہیں ہے اس لئے میں یہ علامتی عمل کا مظاہرہ کیا ہے۔