عوام گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھیں

محبوب نگر 28 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)رمضان اور بونال تہوار انتہائی خوشگوار ماحول میں منائے جائیں۔ تمام شہریان امن و سلامتی کے ساتھ ان تہواروں کے انعقاد کے لئے اپنا تعاون پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقامی ایم ایل اے سرینواس گوڑ نے ریونیو میٹنگ ہال میں منعقدہ امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت ڈی آر او مسٹر رام کشن نے کی۔ اس موقع پر سرینواس گوڑ نے کہا کہ رمضان مسلمانوں کے لئے اور بونال ہندووں کے لئے قابل احترام ہیں۔ دونوں طبقات گنگا جمنی تہذیب کی روایات کو برقرار رکھیں ۔ نئی ریاست تلنگانہ میں پہلے ماہ صیام کیلئے حکومت نے 5 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیا کہ مساجد اور منادر کے اطراف صفائی اور برقی کا بہتر نظم کریں۔ برقی خلل کا اندیشہ ہو تو جنریٹرس کا انتظام کریں ۔ اجلاس میں امن کمیٹی کے ارکان نے بیک آواز احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ امن کمیٹی کا اجلاس طلب کر کے اس میں تیقنات تو کافی دیئے گئے لیکن اس پر عمل صفر ہی رہا ۔ اراکین نے کہا کہ کم از کم اب کی مرتبہ عمل آوری کا واضح تیقن دیا جائے۔ ضلع ایس پی ناگیندر کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نوعیت کے ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس موثر بندوبست کررہی ہے ماہ رمضان کے حتم تک رات 1 بجے دکانات کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے تمام مذاہب کے افراد سے کہا کہ وہ اپنے تہواروں کی خوشیوں میں دوسروں کو بھی شامل کریں اور خود بھی ان کی خوشیوں میں شریک ہوں ۔ اجلاس میں اے جے سی ڈاکٹر راجا رام اراکین امن کمیٹی ،معززین شہر میونسپل کونسلرس ٹی آر ایس ، بی جے پی و کانگریس قائدین موجود تھے۔