عوام کے درمیان سرگرم رہنے کانگریس کارکنوں کو مشورہ

آرمور میں منعقدہ اجلاس سے طاہر بن حمدان اور ضلعی صدر کیشو وینو کا خطاب

آرمور۔/26 ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور حلقہ اسمبلی کی سطح پر کانگریس پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں کانگریس کے سینئر قائد طاہر بن حمدان، انچارج ضلعی صدر کیشو وینو نے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی امیدوار کی شکست اور ایم ایل سی آکولہ للیتا کی ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلینے پر کانگریس کیڈر کی حوصلہ افزائی دیہی پنچایت انتخابات میں سرگرم رہنے کیلئے یہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر طاہر بن حمدان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی ہندوستان کی قدیم پارٹی ہے جس کے ذریعہ ہندوستان ترقی یافتہ ملک بنا اور انتخابات میں کامیابی اور ناکامی دونوں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کو بتایا کہ آپ عوام کے درمیان سرگرم رہیں، کانگریس پارٹی آ پ کے ساتھ ہے اور ہر حال میں آپکا ساتھ دے گی، ہمت سے کام لییں، کانگریس پارٹی میں کسی کے آنے اور کسی کے پارٹی چھوڑ جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بہت جلد کانگریس پارٹی کی جانب سے آرمور حلقہ اسمبلی کیلئے ایک قائد کو نامزد کیا جائے گا۔ ضلع انچارج صدر کیشو وینو نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی آر یس پارٹی نے روپیوں کے زور پر عوام کو گمراہ کرتے ہوئے انتخابات میں کامیابی حاصل کی ۔ کانگریس کارکنوں کو پنچایت انتخابات میں سپاہی کی طرح کام کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔ اس اجلاس میں سابق میونسپل چیرمین کنچٹی گنگادھر، کانگریس ریاستی سکریٹری بابا خان، سابق ضلع پریشد چیرمین سوانندم، پی سی بوجنا، سابق ایم پی ٹی سی میر ماجد، چندرا موہن، مائناریٹی منڈل صدر معین الدین، بابا بھائی، شیخ محبوب، ببلو، مظہر ، وجئے اور دیگر موجود تھے۔