عوام کے بنیادی مسائل کی یکسوئی کیلئے ہر ممکنہ کوشش

گمبھی راؤ پیٹ۔ 27 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میری کامیابی میں مسلمانوں کا اہم رول رہا ۔ میں زندگی بھر مسلمانوں کے اس احسان کو بھول نہ پاؤں گا۔ مسلمانوں نے جس اعتماد کے ذریعہ مجھے بھاری اکثریت سے کامیاب کیا، میں اسی اعتماد کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی خدمت وہ مسلم محلہ جات میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ٹھوس اقدامات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار نومنتخب میجر گرام پنچایت سرپنچ گمبھی راؤ پیٹ پاپاگاری لکشمی شنکر گوڈ نے کیا۔ وہ یہاں نمائندہ سیاست کی قیام گاہ پر عید ملاپ تقریب کے دوران نمائندے سیاست کو اپنا ایک خصوصی انٹرویو دے رہے تھے، کہا کہ سب سے پہلے وہ گمبھی راؤ پیٹ ٹاؤن کو مثالی ترقی دینے کیلئے عوامی بنیادی سہولیات جن میں برقی کی سربراہی، محلہ جات میں موریوں اور کچرے کی صفائی کے علاوہ پینے کے لئے صاف و شفاف پانی کی سربراہی کیلئے منصوبہ بند طریقے سے ٹھوس اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محلہ جات میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے محلہ کے باشعور حضرات رائے مشورہ طلب کیا جائے گا اور ارکان گرام پنچایت کی نگرانی میں مختلف کاموں کو انجام دیا جائے گا۔ نومنتخب سرپنچ پاگاری بھولکشمی شنکر گوڈ نے کہا کہ ٹاؤن میں عوام کو درپیش مسائل میں اہم مسئلہ اسٹریٹ لائیٹس کا ہے جس کیلئے محکمہ برقی کے عہدیداروں سے بات چیت کی جارہی ہے۔ گمبھی راؤ پیٹ کی ہر گلی میں اسٹریٹ لائیٹ نصب کرنے کیلئے برقی پولس (کھمبوں) کی منظوری کیلئے نمائندگی دی گئی ہے جبکہ مختلف محلہ جات میں ذرا سی بارش پر پانی کے جمع ہونے سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ جس کے لئے محلہ جات میں سی سی سڑکوں کی تعمیر عمل میں لائی جارہی ہے۔ سرپنچ پاپا گاری بھولکشمی شنکر گوڈ نے ٹی آر پارٹی میں شمولیت سے متعلق نمائندہ سیاست کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ گمبھی راؤ پیٹ ٹاؤن کو مثالی ماڈل ٹاؤن کے طرز پر ترقی دینے کیلئے یقیناً برسراقتدار ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا ضروری ہوگا کیونکہ برسراقتدار حکومت کے ریاستی وزیر تارک راما راؤ اس حلقے سے نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے گمبھی راؤ پیٹ میں ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے لاکھوں روپئے فنڈز کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلیء منصوبہ بند طریقے کے ذریعہ وہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنا چاہتے ہیں تاکہ گمبھی راؤ پیٹ کو مثالی ٹاؤن میں تبدیل کیا جاسکے۔ آخر میں انہوں نے اپنی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے مسلم رائے دہندوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ ہمیشہ مسلمانوں کے حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے جدوجہد کریں گے بلکہ وہ ان کے اعتماد پر کھرا اُترنے کی بھی کوشش کریں گے۔ اس موقع پر پاپا گاری وینکٹ سوامی کے ان کے حامیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ واضح رہے کہ نومنتخب سرپنچ پاپا گاری بھولکشمی شنکر گوڑ کا تعلق کانگریس پارٹی سے رہا۔ وہ ایک دہے سے پارٹی کے مختلف عہدوں پر فائز تھے۔ رواں ماہ کی 4 تاریخ کو ہوئے ضمنی چناؤ میں انہیں کانگریس کی تائید نہ ملنے پر سرپنچ کیلئے باغی امیدوار کی حثیثت سے انتخابی میدان میں حصہ لیا تھا جنہوں نے اپنے حریف کانگریسی تائیدی امیدوار کو شکست دی تھی اور ان کی کامیابی میں غیور مسلمانوں کا اہم رول رہا جو عنقریب ٹی آر ایس شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔