عوام کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے متعدد اسکیمات

منچریال میں مختلف پروگراموں سے کارگذار ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا خطاب
منچریال ۔ /25 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع منچریال میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کرتے ہوئے کارگذار نائب وزیر اعلیٰ تلنگانہ جناب محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے گزشتہ چار سالوں کے دوران کارگذار وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں عوامی بھلائی کے متعدد ترقیاتی و فلاحی کام انجام دیئے ہیں ۔ ریاست تلنگانہ روز افزوں بتدریج ترقی کی سمت گامزن ہے ۔ قبل ازیں کارگذار نائب وزیر اعلیٰ جناب محمود علی کا منچریال میں رکن اسمبلی منچریال تحلیل شدہ اسمبلی مسٹر این دیواکر راؤ ، رکن لوک سبھا پداپلی مسٹر بالکا سمن ، حکومت تلنگانہ کے سرکاری مشیر مسٹر جی ویویکانندا ، میونسپل چیرمین منچریال ، ایم وسندھرا ، مارکٹ کمیٹی چیرمین چنور ، مسٹر ذوالفقار احمد ، ٹی آر ایس کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد نے پرتپاک خیرمقدم کیا ۔ بعد ازاں مسلم شادی خانہ منچریال میں سابق صدر جامع مسجد منچریال جناب محمد زبیر احمد ، ٹی آر ایس میناریٹی ٹاؤن صدر مسٹر منہاج الدین ، کونسلر ، شفیع کے علاوہ میناریٹی اقامتی اسکول کی طالبات نے گرمجوشانہ خیرمقدم کیا ۔ مسلم شادی خانہ میں مسلمانوں کے ایک کثیر اجتماع سے مخاطب ہوتے ہوئے جناب محمود علی نے کہا کہ ٹی آر ایس ریاست کے عوام اور تمام طبقات بشمول خصوصاً ، مسلم اقلیتوں کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے متعدد اسکیمات کو کامیابی سے روبہ عمل لایا ہے ۔ شادی مبارک اسکیم ، روزگار پر مبنی سبسیڈی قرض ، کار اسکیم ، ائمہ و موذنین کیلئے ماہانہ تنخواہ کی ادائیگی ، اقامتی اسکول قابل ذکر ہیں ۔ انہوں نے مسلمانوں کے اہم مطالبہ اور ٹی آر ایس پارٹی کے اعلان کردہ 12 فیصدمسلم تحفظات کا کوئی ذکر نہیں کیا ۔ جس کی وجہ سے مسلمانوں کو مایوسی ہوئی ہے ۔ اس پروگرام سے رکن لوک سبھا پداپلی مسٹر بی سمن ، حکومت کے مشیر ، مسٹر جی وویکا نندا ، سابق رکن اسمبلی منچریال مسٹر این دیواکر راؤ ، اقلیتی قائد مسٹر محمد منہاج الدین نے بھی خطاب کیا ۔ اجلاس کے اختتام پر انہوں نے میناریٹی اقامتی اسکول کی طالبات سے بات چیت کی ۔ بعد ازاں وہ حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگئے ۔ اس موقع پر منچریال پولیس نے سکیورٹی کا معقول بندوبست کیا تھا ۔