عوام کی فلاح و بہبود ہی ویلفیر پارٹی کا نصب العین

اوٹکور میں جلسہ عام سے امتیاز نگری کا خطاب

اوٹکور۔/10ا پریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ہمارے ملک کے کمزور اور محروم طبقات اور اقلیتیں بھی انصاف اور حقوق سے آج محروم ہیں۔ انہیں سیاسی اداروں میں معقول نمائندگی حاصل نہیں ہے۔ ہر سیاسی پارٹی صرف اور صرف اقتدار کی بھوکی بنی ہوئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار کنوینر ویلفیر پارٹی آف انڈیا اوٹکور جناب امتیاز نگری نے اوٹکور میں ویلفیر پارٹی میں شمولیت کرنے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جناب محمد منصور تاڑپتڑی وارڈ ممبر گرام پنچایت (WPI) ویلفیر پارٹی آف انڈیا نے کہا کہ کئی جماعتیں اقتدار کیلئے مسلمانوں کے درمیان میں ہیں۔ لیکن ویلفیر پارٹی آف انڈیا مسلمانوں کی رہنمائی اور عوام کی خدمت اور انسانیت کی فلاحی کاموں کو لے کر آگے آئی ہے۔ مسلمانوں کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے اور حقوق کی ادائیگی کیلئے انتخابات میں ویلفیر پارٹی نے بھی حصہ لیا ہے اور یہ خواہش کی جاتی ہے کہ اپنے ووٹوں کو ضائع کئے بغیر ویلفیر پارٹی کے حق میں امیدوار جناب واحد حسین وارڈ نمبر 2کو کامیاب بنائیں۔ غریب دیہی عوام اور اقلیتیں اور کمزور طبقات ملک کے کئی علاقوں میں مستقل خوف کے سائے میں جینے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے اوٹکور کے عوام سے اپیل کی کہ اوٹکور کی سطح پر ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے امیدواروں کے حق میں اپنا ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ جناب واحد حسین کلوال وارڈ نمبر 2 ویلفیر پارٹی آف انڈیا کے ذریعہ انتخابی میدان میں ہیں جن کا انتخابی نشان آٹو ہے۔ بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ویلفیر پارٹی آف انڈیا میں 50سے زائد افراد نے شمولیت اختیار کی۔ شہ نشین پر جناب محمد فیاض گنتہ، جناب محمد شاہ رنگریز موجود تھے۔ جناب واحد حسین کلوال ایم پی ٹی سی وارڈ 2کی حیثیت سے ویلفیر پارٹی آف انڈیا سے امیدوار ہیں نے کہا کہ میں نے عوام کی خدمت کیلئے ویلفیر پارٹی سے انتخابی میدان میں حصہ لیا ہے، میرا انتخابی نشان آٹو ہے، اپنے قیمتی ووٹ کا آٹو کے نشان پر استعمال کرتے ہوئے کامیاب بنائیں۔