عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنا ہی میرا نصب العین

کاغذ نگر 3 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاغذ نگر کے میونسپل چیرمین جناب صدام حسین ایک متمول گھرانے کے چشم و چراغ ہیں۔ موصوف کا آبائی وطن سرپور ٹاؤن ہے لیکن کاغذ نگر کو انھوں نے اپنا وطن ثانی بنالیا ہے۔ جناب صدام حسین ایک انجینئر ہیں۔ انھوں نے ایم ٹیک (سیول) میں امتیازی کامیابی حاصل کی۔ انھوں نے اپنے پیشے کو ترجیح دینے کے بجائے خدمت خلق کو ترجیح دی۔ اسی جذبہ کے تحت انھوں نے سیاست میں قدم رکھا اور تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شمولیت حاصل کرلی۔ 2014 ء کے بلدیہ الیکشن میں انھوں نے میونسپل کونسلر کی حیثیت سے شاندار کامیابی حاصل کی۔ جناب صدام حسین کی تعلیمی قابلیت اور لیاقت کی بنیاد پر انھیں میونسپل وائس چیرمین کے عہدہ سے نوازا گیا۔ یہ بات بڑے فخر کے ساتھ کہی جاسکتی ہے کہ کاغذ نگر میں اعلیٰ تعلیم یافتہ میونسپل کونسلر یا میونسپل چیرپرسن نہیں گزرا۔ صرف 25 سال کی عمر میں انھوں نے میونسپل وائس چیرمین کے عہدہ پر منتخب ہوکر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا جس کی مثال ریاست میں نہیں ملتی۔ جناب صدام حسین نہایت ہی شریف النفس اور ہمدرد انسان ہیں۔ اُن کی منکسر المزاجی کی وجہ عوام میں کافی مقبول ہیں۔ وہ غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرکے اُن کے درد اور درد میں شریک ہوکر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ میونسپل وائس چیرمین کی حیثیت سے انھوں نے اپنے میونسپل وارڈ 28 میں 10 لاکھ روپئے کی لاگت سے ڈرین لائن تعمیر کروائیں۔ خستہ حال سڑکوں کی مرمت کروائی۔ مزید تعمیری کاموں کے لئے بجٹ کی منظوری کے لئے کوشش کررہے ہیں۔ انھوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ انھیں کے میونسپل وارڈ 28 میں ماہ اپریل کے اواخر میں عوام کے لئے مفت وائی فائی انٹرنیٹ کا آغاز کریں گے۔ اس تعلق سے خانگی اور سرکاری نیٹ ورک کے ذمہ داران سے بات چیت چل رہی ہے۔ اس ضمن میں چھ لاکھ روپئے وہ خود اپنی جیب سے خرچ کریں گے۔ علاوہ ازیں عرفان نگر کالونی میں چار لاکھ روپئے کی لاگت سے ایک ٹاور بھی نصب کروائیں گے جس سے عوام کو بہت فائدہ ہوگا۔ انھوں نے کہاکہ انٹرنیٹ آج انسان کی ضرورت بن چکا ہے اور کاغذ نگر کے عوام بہت غریب ہونے کی وجہ انٹرنیٹ استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔ اسی لئے وہ خدمت خلق کے جذبہ کے تحت عرفان نگر کالونی میں مفت انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ عرفان نگر کالونی میں پینے کے پانی کی عدم سربراہی کی وجہ عوام پریشان ہیں۔ موسم گرما کے پیش نظر پینے کے پانی کی سہولت کو بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ آخر میں میونسپل وارڈ 28 کے عوام سے یہ اپیل کی کہ اگر کوئی وظیفہ پیرانی سالی سے محروم ہیں یا جسمانی معذور افراد کو ماہانہ وظیفہ نہ مل رہا ہو تو ان سے ربط پیدا کریں۔ جناب صدام حسین نوجوان ہیں ان کے حوصلے بلند ہیں ان سے مستقبل میں کافی اُمیدیں رکھی جاسکتی ہیں۔