عوام کی فلاح و بہبودی نظرانداز

نظام آباد:28؍ مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی ایک سالہ دور میں ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کیا گیا سی پی ایم ریاستی سکریٹری تمینینی ویرا بھدرم نے یہ بات کہی ۔ نظام آباد سی پی ایم آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ایک سالہ دور حکومت میں عوام کی فلاح بہبودی کو نظر انداز کیا گیاہے اور دونوں حکومتیں ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کردیا اور ہوا میں محل تعمیر کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ مشن کاکتیہ کے نام پر کروڑہا روپئے ضائع کئے جارہے ہیںاور ٹی آرایس قائدین پر کمیشنوں کی خاطر اس اسکیم کو آغاز کرنے کا الزام عائد کیا۔ ٹی آرایس پراقتدار حاصل کرتے ہوئے عوام کے مفادات کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مسٹر ویرا بھدرم نے فرقہ پرستی کو فروغ دینے کیلئے جذباتی بیان بازی کرتے ہوئے نریندر مودی کابینہ میں فرقہ پرستوں کو موقع فراہم کیا گیا اورملک بھر میں مسلمانوں اور عیسائیوں پر حملے کئے جارہے ہیںاور اس کی سختی سے مذمت کی۔ گھر واپسی، لو جہادکے نام سے جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر رائو اقتدار میں آنے سے قبل دلت اور مسلم و گریجن طبقہ کیلئے کئی اعلانات کئے تھے

لیکن ایک پر بھی عمل نہیں کیا گیا ۔ دلتوں کیلئے 50 کروڑ روپئے بجٹ میں علیحدہ منظور کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس پر ابھی تک عمل نہیں کیا۔ نئے پراجیکٹس کا ابھی تک سنگ بنیاد نہیں رکھا گیا اور نہ ہی ان کاموں کو پرُ کیا گیا۔آرٹی سی ملازمین کی تنخواہوں کے اضافہ کا کے علاوہ دیگر مطالبات کی یکسوئی نہیں کی گئی ۔ چندرا بابونائیڈو، وائی ایس راج شیکھرریڈی کے دور حکومت میں تحریک کو کچلنے کیلئے جو حربے اختیار کئے گئے اس بھی زیادہ چندر شیکھر رائو کی حکومت میں حربے اختیار کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کل ہند کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کی پدیاترا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے مسائل پر مگر مچھ کے آنسو بہانے کے سوا کچھ بھی نہیں کیا۔ بائیں بازوں کی جماعتیں متحدہ طور پر آگے بڑھتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبودی کیلئے کوشاں اور عنقریب میں کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے لائحہ عمل کو ترتیب دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر ریاستی قائد بھاسکر، ضلع سکریٹری دنڈی وینکٹی بھی موجود تھے۔