شاد نگر میں منعقدہ پروگرام سے رکن پارلیمان جینتدر ریڈی کا خطاب
شاد نگر 21 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوامی مسائل کی یکسوئی کرنے اور علاقہ کی ترقی کرنے والے قائد (امیدوار) کا انتخاب ضروری ہے۔ تلنگانہ کے لئے مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار رکن پارلیمنٹ محبوب نگر اے پی جیتندر ریڈی نے شاد نگر حلقہ کے ایدولہ پلی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنھوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہاکہ حکومتی اسکیمات سے بھرپور استفادہ کریں۔ تلنگانہ حکومت منفرد اسکیمات کے ذریعہ ریاست کو سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کرنے کے لئے سنجیدہ اور عملی اقدامات کررہی ہے۔ انھوں نے اپوزیشن جماعتوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سابقہ آندھرائی قیادتوں نے تلنگانہ کے ساتھ ناانصافی کرتے ہوئے نقصان پہنچایا۔ اُنھوں نے عوام کو تیقن دیتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس حکومت کی قیادت میں ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے سنجیدہ اور عملی اقدام کررہی ہے۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ محبوب نگر اے پی جیتندر ریڈی کے ہاتھوں 13 لاکھ روپیوں سے تعمیر کئے گئے گرام پنچایت بلڈنگ کا افتتاح عمل میں آیا۔ مذکورہ پروگرام میں مقامی رکن اسمبلی کی عدم موجودگی کو لے کر عوام کے ذہنوں میں مختلف سوالات پیدا ہورہے ہیں۔ رکن پارلیمنٹ کی موضع میں آمد پر مقامی قائد ویرا پلی شنکر کی قیادت میں خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر مقامی ٹی آر ایس قائدین اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔