کرنول۔ 16 جنوری (راست) ریاستی سکریٹری صادق احمد کی اطلاع کے بموجب ویلفیر پارٹی کی جانب سے حلقہ اسمبلی کرنول کے لئے امیدوار نامزد کرنے کے ضمن میں ایک پریس میٹ کا انعقاد کیا گیا۔ جی ایم ظفر اللہ صدر شہر کرنول کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ اس پریس میٹ میں ریاستی سکریٹری صادق احمد کے علاوہ شالی باشا سکریٹری شہر کرنول، پی ماجد نائب صدر شہر کرنول، ناگیلا ایلیا نائب صدر شہر کرنول نے شرکت کی۔ دوران تقریر صادق احمد ریاستی سکریٹری نے کہا کہ اس وقت کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ پورا ملک کرپشن کی وجہ سے پریشان ہے۔ ملک سے کرپشن کو مٹانا ہوگا، ورنہ کرپشن کی وجہ سے مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔
انہوں نے ملک میں سیاست دانوں کے اخلاق و اطوار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں انہیں لوگوں کو آنا چاہئے جوکہ عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کی خدمت سے سرشار لوگوں کو ہی عوام پسند کرتے ہیں۔ اس وقت ملک کے عوام خدمت کے جذبے سرشار افراد کو ہی سیاست میں پسند کررہے ہیں۔ حلقہ اسمبلی کے نامزد امیدوار جی ایم ظفر اللہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حلقہ اسمبلی کے عوام سے اپیل کی کہ انہیں عوام اپنی نمائندگی کا موقع دے تو وہ ضرور ان کے مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام لوگوں کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کروں گا، خواہ مسئلہ اقلیت کا ہو یا اکثریت کا۔ میں نے سیاست میں صرف ایک ہی مقصد کے تحت قدم رکھا ہے، وہ ہے عوام کی خدمت۔ عوام کی خدمت ہمارا اولین مقصد ہے۔
ویلفیر پارٹی بھی اسی مقصد کے لئے قائم کی گئی ہے۔ اس پارٹی کے ساتھ مل کر میں صرف آپ کی خدمت کے لئے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت جو بھی مسائل حلقہ اسمبلی کے لوگوں کو درپیش ہیں ، ان مسائل کو حل کرنے کی کوشش کے لئے میں ہر وقت تیار ہوں۔ صاف پانی کا انتظام، صفائی و بجلی کا مسئلہ، روزگار و نوجوانوں کے دیگر مسائل کے حل کی کوشش کی جائے گی۔ نائب صدر شہر کرنول نے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جی ایم ظفر اللہ نوجوانوں کے ہردلعزیز قائد ہیں۔ علاقہ کے تمام طبقات کے نوجوان ان کے ساتھ ہیں۔ وہ حلقہ اسمبلی سے ضرور جیت درج کرائیں گے۔