لکھنو 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پارٹی کے ارکان مقننہ کو بی جے پی کی غلطیوں کو بے نقاب کرنے اور عوام کو اُن کے بارے میں چوکس کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج کہاکہ پارٹی ارکان مقننہ کو ترقیاتی اسکیموں کے فوائد ریاستی عوام تک پہونچنے کو یقینی بنانے کیلئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ وہ پارٹی کے ارکان مقننہ کے ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اِس اجلاس میں چیف منسٹر اکھیلیش یادو نے بھی شرکت کی۔ ملائم سنگھ یادو نے کہاکہ رائے دہندے اپوزیشن پارٹیوں کے پروپگنڈے کی وجہ سے اُلجھن کا شکار ہوگئے تھے۔ آئندہ دنوں میں یہ تمام پارٹیاں خودبخود بے نقاب ہوجائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ سماج وادی پارٹی نے ہمیشہ ہندو مسلم اتحاد کو یقینی بنانے کی جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ یو پی کی حکومت عام آدمی کے لئے کام کرتی ہے اور گزشتہ دو سال میں حکومت نے عوام کو جو تیقنات دیئے ہیں اُن کی تکمیل کی کوشش کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ حالیہ انتخابات میں ناکام رہنے والے امیدواروں کو مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ سیاست میں نشیب و فراز آتے ہی رہتے ہیں۔ پارٹی کو مستحکم کرنا اور اِسے مضبوط ترین تنظیم بنانا ضروری ہے۔