عوام کیلئے برے دن شروع : کانگریس

حکومت پروعدوں کی تکمیل سے فرار کی کوشش کا الزام

نئی دہلی 16 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے ملک کی معیشت کو تباہ کردینے یو پی اے حکومت پر الزام کا جواب دیتے ہوئے کانگریس نے آج حکومت گجرات کے ایک سروے کا حوالہ دیا ہے جس میں ہندوستان کے معاشی ارتقا کی ستائش کی گئی ہے ۔ پارٹی نے مودی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ہوسکتا ہے کہ مودی اور بی جے پی کیلئے اچھے دن آگئے ہوں لیکن ملک کے عوام کیلئے برے دنوں کی شروعات ہوچکی ہے ۔ پارٹی ترجمان شکتی سنہہ گوہل نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بی جے پی نے سنہرے خواب دکھائی اور وعدہ کیا کہ ہر شئے کو بدل دیا جائیگا ۔ تاہم اب وہ ایسا نہیں کرسکتے اور نہ وعدے پورے کرسکتے ہیں اس لئے اب کانگریس کو مورد الزام ٹہرایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تشکیل دیتے ہی انہوں نے عوام سے کہنا شروع کردیا ہے کہ وہ کڑوی گولیوں ( مشکل وقت ) کیلئے تیار رہیں۔ وزیر اعظم آج یو پی اے کی معیشت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں لیکن جب وہ گجرات کے چیف منسٹر تھے ان کی حکومت نے ایک معاشی سروے کروایا تھا جس میں اس سے مختلف بات کہی گئی تھی ۔ گجرات کے سماجی معاشی سروے 2012 – 2013 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان ‘ چین اور برازیل جیسے ممالک اس سال میں عالمی معیشت کو آگے بڑھانے کا ذریعہ بنے ہیں۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ 1991 میں کانگریس کی نرسمہا راؤ حکومت نے بیرون ملک رہن سونے کو واپس لایا تھا جب اسے چندر شیکھر حکومت سے اقتدار حاصل ہوا تھا ۔