محبوب نگر۔/23جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محمد احمد الدین سابق زیڈ پی ٹی سی ممبر ( ٹی آر ایس ) نے اپنے صحافتی بیان میں ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ کے دورہ محبوب نگر کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے تلگودیشم، کانگریس اور بی جے پی کے الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا کہ ہریش راؤ نے جن اسکیمات اور پانی چھوڑنے کا آغاز کیا ہے وہ پرانی حکومتوں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے ضلع کے آبپاشی پراجکٹس میں کبھی دلچسپی نہیں لی اور نہ اس کیلئے درکار رقومات منظور کی گئیں جس کی وجہ سے یہ پراجکٹس اب تک ادھورے رہے۔ لیکن ٹی آر ایس حکومت نے بھاری رقومات منظور کرکے صورتحال کو یکسر تبدیل کردیا ہے جس کے عوام قائل ہورہے ہیں اور ان میں خوشی دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے اپوزیشن سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ سنہرے تلنگانہ کے حصول کیلئے حکومت کا تعاون کریں۔ انہوں نے ضلع کے وزراء اور ایم ایل ایز سے بھی رقومات کی منظوری کیلئے اظہار تشکر کیا اور توقع ظاہر کی کہ مزید رقومات کی منظوری سے ضلع کے پراجکٹس جلد مکمل کرلئے جائیں گے۔