نئی دہلی ۔ 31اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج پُرزور انداز میں کہا کہ عوام کو قائدین جیسے سردار پٹیل کی تعمیر قوم میں حصہ کی یاد دہانی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے انصاف ان کی زندگی اور کام کے ساتھ نہیںکیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر ‘ سردار پٹیل ‘ سبھاش چندر بوس ‘ پنڈت دین دیال اپادھیائے وغیرہ تعمیر قوم میں عظیم حصہ ادا کرنے والے قائدین تھے ۔ وہ شہری ترقیات ‘ تعمیر امکنہ اور انسداد شہری غربت وزارتوں کے ارکان عملہ کو ایکتا عہد دینے کے دوران خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری غلطی کی اصلاح ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان قائدین کی دین اور موجودہ دور کیلئے اُن کے نظریات عوام کے سامنے پیش کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس سلسلہ میں کئی پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔ اتحاد کا عہد دلوانے کے علاوہ وینکیا نائیڈو نے انسداد کرپشن عہد بھی وزارتوں کے ملازمین کو دلوایا ۔