عوام کو ٹی آر ایس کا پراعتماد دھوکہ

انتخابی جلسہ میں کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی کا الزام
مکہ راج پیٹ /7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس نے عام انتخابات سے قبل عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں یکسر ناکام ہو چکی ہے اور ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس برسر اقتدار آنے کے بعد حکومت نے تلنگانہ عوام کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ان خیالات کا اظہار پارلیمانی حلقہ میدک کی کانگریس امیدوار سنیتا لکشما ریڈی نے کیا۔ رامائم پیٹ اور چھوٹا شنکرم پیٹ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کے دوران سربراہ ٹی آر ایس و چیف منسٹر تلنگانہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عام انتخابات سے قبل تلنگانہ عوام بالخصوص کسانوں سے کئے گئے وعدوں پر عمل آوری میں حکومت مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے۔ انھوں نے ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت برسر اقتدار آنے سے قبل عوام کو متعدد اسکیمات کا جھانسہ دے کر ان کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اسی طرح کسانوں کو بھی قرض کی معافی اور دیگر اسکیمات کا لالچ دے کر ان کے ووٹ کے ذریعہ اقتدار حاصل کیا، تاہم اقتدار حاصل ہونے کے بعد تمام وعدوں کو یکسر فراموش کردیا۔ مسز سنیتا لکشما ریڈی نے عوام کو یاد دلایا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کانگریس کے دور حکومت میں ہوئی ہے۔ پارٹی صدر سونیا گاندھی نے ہی علحدہ ریاست تشکیل دی ہے، لیکن دیگر سیاسی پارٹیوں نے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کا سہرا اپنے سر باندھنے کی کوشش کی۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ حلقہ میدک کے ضمنی انتخاب میں عوام رائے دہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس کے حق میں ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔ اس موقع پر سرکردہ کانگریس قائدین ستیہ نارائنا، گوپال ریڈی، کرشنا گوڑ، شراون کمار ریڈی، ناگیش، نرسمہلو رمیش، تروپتی ریڈی، انجی ریڈی، رامنا، رادھا کشن، شری من ریڈی، راما کرشنا، امرسینا ریڈی، آر پوچیا، کنٹھا ریڈی اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔