عوام کو ناموں سے نہیں روزگار کے مواقع سے دلچسپی

آمدنی کا تحفظ اور بہتر طرز حیات چاہئیے ، کانگریس ترجمان شرما کا بیان
نئی دہلی ۔ /8 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہا کہ عوام کو مقامات کے نام تبدیل کرنے سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ وہ دیگر باتیں جیسے روزگار کے مواقع ، آمدنی کا تحفظ اور خواتین کی حفاظت جیسے امور سے دلچسپی رکھتے ہیں ۔ کانگریس کے ترجمان آنند شرما حکومت بی جے پی یو پی کی جانب سے الہ آباد اور فیض آباد کے نام تبدیل کرکے انہیں علی الترتیب پریاگ راج اور ایودھیا رکھنے پر ردعمل ظاہر کررہے ہیں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ذہنیت مسخ ہوجائے تو تاریخ دوبارہ لکھی جاتی ہے اور اس کے لئے ناموں کی تبدیلی ضروری ہوجاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے طرز زندگی میں بہتری پیدا کرنا زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔ لوگوں کو ناموں سے کوئی دلچسپی نہیں ۔ ہندوستان کے نوجوان ملازمتیں چاہتے ہیں ۔ اپنی آمدنی کا تحفظ اور خواتین بیٹیوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ عوام بڑھتی ہوئی قیمتوں اور افراط زر کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں ۔ اگر ان تمام مسائل کا حل دریافت نہ کیا جائے تو عوام کو اپنے وزیراعظم کو تبدیل کرنے کا بھی حق حاصل ہوگا ۔ وہ دوسرے نام کا وزیراعظم منتخب کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گجرات نے آج کہا ہے کہ وہ احمد آباد کا نام کرناوتی رکھنے پر غور کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومتیں ناموں کی تبدیلی سے زیادہ دلچسپی رکھتی ہیں ۔