عوام کو محفوظ پینے کے پانی کی سربراہی کیلئے منصوبہ بندی

نظام آباد:9؍ نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حکومت کی جانب سے گھر گھر پانی پہنچانے کیلئے واٹر گرڈ قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے محکمہ آر ڈبلیو ایس کے عہدیداروں کو ضلع کے تمام دیہاتوں کی عوام کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرتے ہوئے رپورٹ تیار کرنے اور تخمینہ تیار کرنے کیلئے احکامات کے بعد آر ڈبلیو ایس کے عہدیدار گذشتہ 2ماہ سے ضلع کے تمام مواضعات کا جائزہ لیتے ہوئے ضرورت کے مطابق تخمینہ کرتے ہوئے رپورٹ تیار کی۔ ایس آر ایس پی ، نظام ساگرپراجیکٹوں پر واٹر گرڈیونٹس قائم کرتے ہوئے 6.5 ٹی ایم سی پانی کا استعمال کرتے ہوئے ضلع کی عوام کو پینے کا پانی فراہم کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ آرڈبلیو ایس کے عہدیداروں نے ضلع کے تمام مواضعات کا سروے کرتے ہوئے جائزہ لیا اور دیہاتوں میں کس مقام پر واٹر گرڈ کے قیام کیلئے حالات کا جائزہ لیا اور منڈل سطح پر بھی جائزہ لیتے ہوئے عام مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے یہاں سے پانی سربراہی کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ محفوظ پانی گاویٹی کے ذریعہ سربراہ کرنے کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ سری رام ساگر، نظام ساگرپراجیکٹوں پر واٹرگرڈ قائم کرتے ہوئے سری رام ساگر پراجیکٹ سے 4 ٹی ایم سی پانی نظام ساگر پراجیکٹ سے 2.5 ٹی ایم سی پانی کے حصول کیلئے منصوبہ بندی کی گئی ۔ نظام آباد اربن اور رورل، بالکنڈہ، آرمور، کاماریڈی حلقوں کو سری رام ساگر گیٹ سے یلاریڈی حلقہ کے سداشیو نگر، گندھاری، تاڑوائی منڈلوں کو سری رام ساگر پراجیکٹ سے نظام ساگر پراجیکٹ سے بودھن، بانسواڑہ، جکل اسمبلی حلقوں کے علاوہ یلاریڈی کے چند مواضعات کو نظام ساگر پراجیکٹ سے آبی سہولتیں فراہم کی جائے گی۔ دو بیڈس سے پانی حاصل کرتے ہوئے ارگل، اندلوائی، ملنا گٹہ پر نئے ٹینک تعمیر کرتے ہوئے اس کے ذریعہ پانی سربراہ کیا جائیگااور ہر حلقہ میں نئی پائپ لائن کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔واٹرگرڈ پراجیکٹ کے قیام کیلئے نئے برقی سب اسٹیشن قائم کرتے ہوئے 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے کی صورت میں گراویٹی کے ذریعہ پانی سربراہ کئے جانے کے امکانات ظاہر کئے گئے اور اس بارے میں 10؍ نومبر کے روز حیدرآباد میں ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے اور اس اجلاس میں واٹر بیڈ کیلئے بجٹ کی منظوری عمل میں لائی جائے گی ضرورت پڑنے پر تبدیلی عمل میں لاتے ہوئے تخمینہ میں بھی اضافہ کئے جانے کے امکانات ہیں۔