ممبئی ۔ 23جنوری( سیاست ڈاٹ کام ) این سی پی نے آج شیوسینا کے اس اعلان کو بکواس قرار دیا کہ وہ آنے والے 2019 ء کے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی ۔ ان پارٹیوں نے شیوسینا سے سوال کیا کہ آخر یہ سب کچھ ہے تو پھر وہ اب بھی بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت میں برقرار کیوں ہے؟۔ این سی پی نے کہا کہ شیوسینا اب بھی بی جے پی کی اتحادی پارٹی ہے اور مرکزی حکومت میں وہ برقرار ہے ۔ اس کی پالیسیوں پر عمل بھی کررہی ہے ۔ اس پارٹی نے حکومت سے باہر نکل جانے کے اب تک کئی اعلانات کئے ہیں بلکہ اس طرح کے اعلانات کی سنچری بناچکی ہے لیکن اب تک اس نے حکومت کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے ۔ اس لئے عوام بھی اب سمجھ گئے ہیں کہ شیوسینا کی بات کو سنجیدگی سے نہیں لیا جانا چاہے ۔ اس کی باتوں پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ۔ این سی پی ترجمان نواب ملک نے شیوسینا سے مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی زیرقیادت ریاستی حکومت سے تائید واپس لے اور وسط مدتی انتخابات کا سامنا کرے ۔ ہم انتخابات لڑنے تیار ہیں۔ اپنی صفوں سے نکلنے کے بعد انحراف کا خوف پیدا ہورہا ہے اس لئے وہ حکومت سے تائید واپس لینے سے گریز کررہی ہے ۔